0
Thursday 23 Jan 2014 08:11

پاراچنار، کور کمانڈر کی موجودگی میں فریقین کے مابین صلح نامے پر دستخط ہوگئے

پاراچنار، کور کمانڈر کی موجودگی میں فریقین کے مابین صلح نامے پر دستخط ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار میں طوری بنگش شیعہ قبائل کے دونوں فریقین کے مابین صلح نامے پر دستخط ہوگئے ہیں اور یوں انجمن حسینیہ کی تشکیل پر جاری کشیدگی اور تنازعہ اختتام کو پہنچ گیا۔ قبل ازیں پاراچنار شہر میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے آرمی کی نگرانی میں کرفیو نافذ تھا۔ 16 اور 17 ربیع الاول کی درمیانی شب سے لیکر آج تک کرفیو نافذ رہا۔ اس دوران صرف ایک دن  دو گھنٹے کے لئے کرفیو میں نرمی کی گئی تھی۔ تنازعہ کے حل کے لئے فریقین کے درمیان مذاکرات کے کئی ادوار ہوئے۔ پہلا دور 16 ربیع الاول کی رات کو ہوا تھا، مذاکرات کسی نتیجے پر نہ پہنچنے پر حکومت نے دونوں فریقوں کے 38 افراد کو بنوں جیل بھیج دیا تھا۔

کل تک جب مذاکرات کسی بھی نتیجے پر نہ پہنچ سکے تو پشاور میں موجود کور کمانڈر نے متحارب گروہوں کے ایک ایک فرد کو مذاکرات کے لئے پشاور بلایا۔ جس میں مرکزی انجمن حسینیہ کی نمائندگی ایم این اے ساجد حسین طوری، جبکہ دیگر دو فریقوں کی نمائندگی الیکشن کے دیگر اہم امیدواروں ریٹائرڈ ائرمارشل سید قیصر حسین اور سید اقبال میاں نے کی۔ کور کمانڈر کی موجودگی میں فریقین نے صلح نامے پر دستخط کر دیئے، فیصلے کی رو سے دونوں فریقوں کے 5، 5 افراد جبکہ حکومت کی جانب سے 6 افراد یعنی کل 16 افراد پر مشتمل ایک جرگہ تشکیل دیا گیا جنکے ناموں کا بھی باقاعدہ اعلان کیا گیا، جبکہ مرکزی امام بارگاہ کے انتظام و انصرام  کا فیصلہ بھی یہی جرگہ کرے گا۔ حکومت کے تعاون سے جرگہ 2 ماہ کے اندر اندر،  4 نومبر کو دستخط شدہ فیصلے پر عمل درآمد کرائے گا۔
فریقین سے ڈیڑھ ڈیڑھ کروڑ مچلکہ رکھا گیا، جن میں سے پچاس پچاس لاکھ روپے نقد جمع کئے گئے۔ خلاف ورزی کرنے والے فریق کا مچلکہ بحق سرکار ضبط ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 344035
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش