0
Wednesday 5 Feb 2014 17:49

یوم یکجہتی کشمیر، اہلسنت جماعتوں کی ریلی، بھارتی مظالم کی شدید مذمت

یوم یکجہتی کشمیر، اہلسنت جماعتوں کی ریلی، بھارتی مظالم کی شدید مذمت
اسلام ٹائمز۔ کشمیری بھائیوں کی جانی مالی اخلافی مدد کرنا ہم پر ضروری ہے پوری قوم کو چاہیے کہ وہ کشمیری مسلمان بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اٹھ کھڑے ہوں تاکہ انڈیا کی حکومت کشمیری عوام کو آزادی دینے پر مجبور ہو جائے اور کشمیری بھائی آزاد ملک میں سانس لے سکیں انڈیا کو چاہیے کہ اقوام متحدہ کی قرادادوں کے عین مطابق کشمیری بھائیوں کو اپنی مرضی کی زندگی گزارنے کا موقع فراہم کرے اور عالمی قوتوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے کشمیری مسلمانوں کا ساتھ دیں۔ یہ بات علامہ گل احمد عتیقی نے تنظیمات و مدارس اہل سنت والجماعت کے زیر اہتمام ’’یکجہتی کشمیر ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریلی دربار حضرت داتا گنج بخش سے شروع ہوئی ناصر باغ، مال روڈ، پنجاب اسمبلی ایجرٹن روڈ سے ہوتی ہوئی شملہ پہاڑی چوک میں لاہور پریس کلب آ کر ختم ہوئی۔

علامہ محمد راغب حسین نعیمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کو جب تک شہ رگ حاصل نہیں ہو گی اس وقت تک اسلامی جمہوریہ پاکستان مکمل نہیں ہو سکتا۔ صدر تحفظ ناموس رسالت محاذ علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں انڈیا ایک دن ضرور مقبوضہ کشمیر کو آزادی دینے پر مجبور ہو گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی حکمران عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کریں۔ مولانا مجاہد عبدالرسول قادری نے کہا کہ حکمرانوں کو چاہیے کہ آزادی کشمیر کیلئے اپنے خلوص کا مظاہرہ کریں اور کشمیر کے مسئلہ کو جمہوری طریقہ سے حل کریں۔ علامہ سید فرحت حسین نے کہا کہ فلسطین کی مظلوم عوام کے بعد سب سے زیادہ ظلم کشمیری عوام پر کیا جا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کی 85 فیصد آبادی مسلمانوں پر مشتمل ہے انڈیا 85 فیصد عوام کے جذبات کو زیادہ دیر کنڑول نہیں کر سکتی۔

علامہ محمد اکرم الازہری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اب زیادہ دیر تک بھارتی ہٹ دھرمی نہیں چلنے دیں گے، بھارت کے شاطر حکمرانوں کی وجہ سے لاکھوں مسلمانوں پر ہونیوالا ظلم اب زیادہ دیر نہیں چل سکے گا۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ کشمیر کو پاکستان بننے سے کوئی نہیں روک سکتا، انڈیا پاکستان کا پانی روکنا بند کرے، حکومت وقت کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ میں اپنا کیس لیکر جائے۔ مولانا محبوب صدیقی نے کہا کہ طالبان سے امن کے نام پر ڈھیر ہونیوالے سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے مسئلہ پر اپنا کردار ادا کریں۔ مولانا احمد رضا سیالوی نے کہا کہ طالبان کو مذاکرات کے نام پر طاقت بننے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی، کچھ لوگ طالبان کو اپنی مرضی کی نام نہاد شریعت نافذ کرنے کی اجازت دے رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ مفتی محمد عمران حنفی نے کہا کہ امن کیلئے آخری موقع کے طور پر حکومت مذاکرات کی راہ کو اختیار کر لے لیکن اگر کسی کے ذہن میں ہو کہ وہ اپنی مرضی کی شریعت نفاذ کریں گے تو ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔

جنرل سیکرٹری تحفظ ناموس رسالت محاذ مولانا محمد علی نقشبندی نے کہا کہ ہمیں اس بات کو نہیں بھولنا چاہیے کہ طالبان کے بڑوں نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی اور اسی لیے آج تک انہوں نے پاکستان کو دل سے قبول نہیں کیا اور آئین پاکستان کی بغاوت بھی اسی لیے کر رہے ہیں۔ ثاقب اکبر نے کہا کہ طالبان نے بار بار آئین پاکستان کو توڑا ہے اہلسنت کے اکابرین نے پاکستان بنایا تھا الحمدللہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کیساتھ دل سے محبت اہلسنت ہی کرتے ہیں۔ باقی مقررین میں مولانا صدیق مصطفائی، مفتی محمد عمران حنفی، مولانا محمد نواز اور دیگر شامل تھے آخری علامہ پیر محمد اطہر القادری کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 348676
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش