0
Saturday 8 Feb 2014 11:49

کچھ لوگ ذاتی مفاد کو ملک کے مفاد پر ترجیح دیتے ہوئے غیر ملکی عناصر کا ساتھ دے رہے ہیں، محمد خان اچکزئی

کچھ لوگ ذاتی مفاد کو ملک کے مفاد پر ترجیح دیتے ہوئے غیر ملکی عناصر کا ساتھ دے رہے ہیں، محمد خان اچکزئی

اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آج ہمارا ملک خاص طور پر بلوچستان امن و امان کے لحاظ سے نازک دور سے گزر رہا ہے۔ یہاں بہت سے غیر ملکی عناصر سرگرم ہیں اور کچھ ملکی عناصر بھی اپنے ذاتی مفاد کو ملک کے مفاد پر ترجیح دے کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے اور بلوچستان پولیس اس چیلنج کا سامنا کرنے میں سب سے آگے ہے۔ وہ آج یہاں پاک فوج کے تحت بلوچستان پولیس کے جوانوں کو دی جانے والی تربیت کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاک فوج نے ایسے نازک وقت پر بلوچستان پولیس کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی دو سو پولیس اہلکار پاک آرمی سے ابتدائی اور ایڈوانس تربیت مکمل کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دوسرے بیج کی پاسنگ آؤٹ ہے اور مجھے جوانوں کے حوصلے دیکھ کر فخر ہو رہا ہے۔ گورنر نے کہا کہ ہم سب نے مل کر اپنے ملک میں امن و امان قائم کرنا ہے، بلوچستان پر اس کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بلوچستان پولیس اس اہم فریضے کو بطریق احسن ادا کرے گی اور خاص طور پر یہ جوان جنہوں نے پاک فوج سے ٹریننگ حاصل کی ہے، اپنے باقی ساتھیوں کے لئے مشعل راہ ہوں گے۔ آنے والے دنوں میں پولیس کے ریکروٹس کی تربیت اور اسی طرح کے دو مزید بیجز کی ٹریننگ بلوچستان پولی کی کارکردگی کو مزید کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے تربیتی سہولتیں فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ بلوچستان پولیس اپنے تربیتی معیار کو ہمیشہ بلند رکھے گی اور آنے والے ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گی۔ اس موقع پر کمانڈر سدر کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک امن و امان کے مسئلہ سے دوچار ہے اور بلوچستان سمیت ملک کو دہشت گردی کا سامان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات سے نمٹنے کے لئے اعلٰی درجہ کی تربیت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف کی ہدایت کے مطابق بلوچستان پولیس کی تربیت کا اہتمام کیا گیا ہے۔ جس کا مقصد انہیں ذہنی اور جسمانی طو پر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تربیت سے پولیس کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پولیس کے جوان اس تربیت کو عملی طور پر بروئے کار لائیں گے اور اپنا اعلٰی معیار نہ صرف قائم رکھیں گے۔ بلکہ اسے مزید بہتر بنائیں گے۔ اس سے قبل گورنر محمد خان اچکزئی نے تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر دی جانے والی تربیت کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

خبر کا کوڈ : 349496
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش