0
Tuesday 11 Feb 2014 16:44

بلوچستان کے معاملات کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی

بلوچستان کے معاملات کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی

اسلام ٹائمز۔ بی این پی کے رہنماء ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے معاملات کو سنجیدگی سے لینے کی بجائے اب بھی معاملات کو طاقت کے ذریعے حل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ معاملات کو سمجھتے ہوئے بلوچستان کے مسائل اور مصائب کے حل کیلئے مثبت روش اپنانی ہوگی۔ بلوچستان کے معاملات پر پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے سپریم کورٹ میں چھ نکات پیش کئے تھے۔ بلوچستان کے اہم نوعیت کے مسائل اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جاتے تو چھ نکات معاملات کے حل کی جانب مثبت اقدام ہوتا۔ بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی، انسانی بنیادی حقوق اور اجتماعی قومی معاملات کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ لیکن ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ بلوچستان، بلوچ قوم کے معاملات کی حیثیت اور حساسیت کو سمجھنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی جا رہی۔ ماضی میں بھی سول اور ڈکٹیٹر حکمرانوں نے بلوچستان کے معاملات کو بحران کی جانب دھکیلا اور موجودہ حالات بھی بحرانی کیفیت سے دوچار ہیں۔ اس کے حل نہ ہونے کے ذمہ دار ماضی کے حکمران اور وہ قوتیں ہیں جو طاقت کا سہارا لے کر بلوچوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی ٹھان چکی ہیں۔ بلوچستان سیاسی و جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے۔ قدرتی دولت سے مالا مال ہونے کے باوجود بلوچ اور بلوچستانی عوام آج بھی کسمپرسی، معاشی طور پر پسماندگی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوموں کو اگر ان کے وسائل پر دسترس دی جاتی تو احساس محرومی اور احساس محکومیت کا خاتمہ ممکن ہو سکتا تھا لیکن ایسا کرنے کی کسی نے کوشش نہیں کی۔ بلوچستان کے جتنے میگا پروجیکٹس ہیں ان پر اولین حق بلوچ عوام کا ہے۔ بلوچستان کو ان میگا پروجیکٹس سے زیادہ مستفید ہونا چاہیئے۔ بلوچستان نیشنل پارٹی سیاسی قومی جمہوری جماعت ہے۔ جو حقیقی ترقی و خوشحالی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے لیکن ایسی ترقی منظور نہیں جس سے بلوچ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما نہ ہوں۔ حکمران بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے خواہاں ہیں تو لاپتہ افراد کی بازیابی، مسخ شدہ نعشوں کے پھینکنے کے عمل کو روک کر اجتماعی قبروں کی برآمدگی کے اسباب ڈھونڈ کر غیر جانبدارنہ تحقیقات کو یقینی بنائیں۔ سیاسی و جمہوری سوچ و فکر اور جدوجہد پر قدغن لگانے کی وجہ سے آج کئی مسائل شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 350457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش