0
Thursday 13 Feb 2014 18:30

ڈی آئی خان، ریلیف انٹرنیشنل کے زیراہتمام صحافیوں کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر

ڈی آئی خان، ریلیف انٹرنیشنل کے زیراہتمام صحافیوں کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونیوالی بیماریوں ’’زونوسز‘‘ سے متعلق آگہی کی فراہمی کے حوالے سے منعقدہ صحافیوں کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ ریلیف انٹرنیشنل کے زیراہتمام منعقدہ تربیتی ورکشاپ میں صحافیوں کو آگاہ کیا گیا کہ وہ عوام میں اس بات کا شعور پیدا کریں کہ وہ جانوروں کے گوشت، دودھ اور دیگر اشیاء کے استعمال میں احتیاط کریں، کیونکہ متعدد ایسی بیماریاں موجود ہیں، جو جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہوتی ہیں۔ ان بیماریوں کا علاج روایتی علاج سے کئی گنا زیادہ مہنگا ہوتا ہے۔ تربیتی ورکشاپ میں گومل کالج آف ویٹرنری سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر عبدالجبار، ڈسٹرکٹ میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر امان اللہ، ڈاکٹر طارق عباس، ڈاکٹر امداد اللہ، ریلیف انٹرنیشنل کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مراد اور کمیونٹی موبلائزر سعید آفریدی نے شرکاء کو جانوروں سے انسانوں کو منتقل ہونیوالی بیماریوں سے آگاہ کیا۔
 
انہوں نے کہا کہ حفاظتی تدابیر سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صحافیوں کے اس کردار سے عوام کی ایک بڑی تعداد بیماریوں سے محفوظ رہ سکتی ہے۔ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر اطلاعات قاضی صبغت اللہ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک اہم مسئلہ کے بارے میں صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی اصلاح میں مثالی کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تربیتی ورکشاپ مکمل کرنے والے صحافیوں میں اسناد تقسیم کیں۔ ڈیرہ پریس کلب کے صدر رمضان سیماب نے اپنی گفتگو میں کہا کہ صحافیوں کی استعداد کار کی بہتری کیلئے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی سرگرمیوں کا تسلسل جاری رکھا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 351352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش