0
Sunday 6 Apr 2014 23:15

سندھ اسمبلی کو فوری ختم کر کے وہاں پر نئے الیکشن کرائے جائیں، مولانا عبدالواسع

سندھ اسمبلی کو فوری ختم کر کے وہاں پر نئے الیکشن کرائے جائیں، مولانا عبدالواسع

اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے ادارے کو ختم کرنے کے بارے میں جو قرارداد منظور کی ہے، اس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اسلامی نظریاتی کونسل کا ادارہ آئین کا حصہ ہے۔ اس کو ختم کرنے کا مطالبہ کرنا، پاکستان کے آئین کو ختم کرنے کے برابر ہے۔ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر سندھ اسمبلی کو ختم کرکے وہاں پر نئے الیکشن کرائے جائیں۔ جن ارکان نے اسلامی نظریاتی کونسل کے ادارے کو ختم کرنے کی حمایت کی ہے، ان کے خلاف کارروائی کرکے ان پر پابندی عائد کی جائے۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ بندوق کے زور پر شریعت کبھی بھی نافذ نہیں کی جا سکتی۔ افہام و تفہیم سے سارے معاملات طے کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی، سینیٹ، بلوچستان اسمبلی اور صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی میں جلد ہی ہم قرارداد پیش کرینگے کہ سندھ اسمبلی میں اسلامی نظریاتی کونسل کے ادارے کو ختم کرنے کے بارے میں جو قرارداد منظور کی گئی ہے، اس کے بارے میں لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے ذریعے ہی پاکستان میں اسلام نافذ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے اسلامی نظریاتی کونسل کے ادارے کو توڑنے کے بارے میں جو قرارداد منظور کی ہے، اس کا مطلب ہے کہ وہ پاکستان کے آئین کو نہیں مانتے۔ جو پاکستان کے آئین کو نہیں مانتا، اس کو توڑنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا، سندھ اسمبلی نے اسلامی نظریاتی کونسل ادارے کو توڑنے کے بارے میں جو قرارداد منظور کی ہے۔ اس سے یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے کہ سندھ اسمبلی پاکستان کے آئین کو نہیں مانتی۔ جو پاکستان کے آئین کو نہیں مانتا وہ پاکستان کو نہیں مانتا۔ انہوں نے کہا کہ جو پہاڑوں پر لوگ گئے ہوئے ہیں، ان سے کیا گلہ کیا جائے۔ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگ آئین کو نہیں مانتے۔ بعض قوتیں پاکستان میں حالات خراب کر رہی ہیں اور دہشتگردی کو فروغ دے رہی ہے۔ یہ قوتیں نہیں چاہتیں کہ مذاکرات کے ذریعے ملک میں اسلامی نظام نافذ ہو سکے کیونکہ انتہا پسندوں کی کوشش ہے کہ پاکستان میں اسلامی نظام نافذ نہ ہو مگر وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر سابقہ صوبائی وزیر مولوی سرور موسیٰ خیل بھی موجود تھے۔

خبر کا کوڈ : 369884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش