0
Friday 2 May 2014 12:26

پاک فوج پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی ضامن ہے، بریگیڈئیر نوید زمان

پاک فوج پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی ضامن ہے، بریگیڈئیر نوید زمان

اسلام ٹائمز۔ ملک بھر کی طرح ژوب گیریژن میں بھی یوم شہداء نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے طفیل شہید گراؤنڈ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس کے مہمان خصوصی اسٹیشن کمانڈر 29 بریگیڈئیر نوید زمان تھے۔ تقریب میں کمانڈنٹ ژوب ملیشیاء کرنل طلعت مسعود، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالرشید عمرانی، ڈپٹی کمشنر ژوب نذر محمد کھیتران، ڈپٹی کمشنر شیرانی سعید احمد عمرانی کے علاوہ شہداء کے لواحقین اور قبائلی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ بریگیڈئیر نوید زمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زندہ قومیں اپنے شہیدوں کی قربانی کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ یوم شہداء ان بہادر افسروں اور جوانوں کی یاد دلاتا ہے۔ جنہوں نے اپنی جانیں مادر وطن کے دفاع کی خاطر قربان کیں اور اپنے لہو سے ایثار و قربانی کی پائندہ تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی سلامتی اور بقاء کی ضامن ہے۔ افواج پاکستان وطن عزیز کے بیرونی اور اندرونی خطرات کے سامنے ہمیشہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی ہے۔ وطن کے چپے چپے کا دفاع فوج کا ہر آفیسر اور سپاہی اپنے لہو سے کرے گا۔ بریگیڈئیر نے مزید کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں اور ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں پر فخر ہے۔ تقریب میں آرمی سکول کے بچوں نے تقاریر اور ملی نغمے پیش کیے۔ اور فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ سمگلروں سے مقابلے میں شہید ہونے والے لیویز اہلکار سلطان شاہ کے بھائی اکبر شاہ اور شہید کمانڈو عبدالغفار مندوخیل کے بھائی فضل آمین مندوخیل نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے ملکی سلامتی کیلئے قربانی دینے والوں پر احساس تفاخر کا اظہار کیا۔ اسٹیشن کمانڈر نوید زمان نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور دعا کی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 378443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش