0
Sunday 4 May 2014 09:02

جنرل راحیل کے بیان نے کشمیریوں کی قربانیوں کی توثیق کر دی، حریت قائدین

جنرل راحیل کے بیان نے کشمیریوں کی قربانیوں کی توثیق کر دی، حریت قائدین
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند قائدین نے پاکستانی فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف کے کشمیر پر دئیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی قربانیوں کے عین مطابق قرار دیا۔ کشمیری رہنماوں نے کہا ہے کہ جنرل راحیل نے کشمیری قوم کی طرف سے دی جا رہی بے پناہ قربانیوں کی توثیق کر دی ہے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی، حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ، محاذ آزادی سرپرست اعظم انقلابی، سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ، لبریشن فرنٹ (آر) سرپرست اعلیٰ بیرسٹر عبدلمجید ترمبون، ماس مومنٹ چیئرپرسن فریدہ بہن جی، پیپلز لیگ چیئرمین مختار احمد وازہ نے پاکستانی فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف کے کشمیر پر دئیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی قربانیوں کے عین مطابق قرار دیا۔ 

سید علی گیلانی نے پاکستانی آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے بارے میں تاریخی حقائق کی روشنی میں بیان دینے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنرل کا بیان بروقت اور برمحل بھی ہے اور کشمیریوں کی قربانیوں کے تقاضے کے عین مطابق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوب ایشیائی خطے میں مستقل قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے عین مطابق اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے اور کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ 

سید گیلانی نے کہا پاکستان کی مضبوطی اور استحکام ہی متنازعہ ریاست جموں و کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہی۔ انہوں نے پاکستانی حکمرانوں، سیاستدانوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کے استحکام کو ترجیح دیکر اندرونی اور خارجی سطح پر پاکستان نظریاتی اور سرحدیں مضبوط بنائیں اور اھل کشمیر کی دعائیں پاکستان کے استحکام کے لیے ہیں۔ 

ادھرشبیر احمد شاہ نے حریت کا نفرنس جموں کشمیر کی طرف سے جنرل راحیل شریف کے بیان کا خیر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشاء کے خطے میں مستقل قیام امن کیلئے تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے عین مطابق اور اقوام متحدہ سلامتی کو نسل کی قراردادوں کی روشنی میں حل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم کی طرف سے دی جا رہی بے پناہ قربانیوں کی توثیق کر دی۔ شبیر شاہ نے کہا کہ جنرل راحیل نے کشمیری نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جس کے لئے پوری کشمیر ی قوم اور حریت کانفرنس کی پوری قیادت، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان، مشتاق اسلام، فاروق احمد ڈار(بٹہ کراٹی)، محمد یوسف نقاش، شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر اْن کے شکر گذار ہیں۔ 

شبیر شاہ نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکمرانوں نے ہر وقت کشمیری تحریک آزادی کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی سطح پر حمایت کی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ جب تک یہ تحریک آ زادی اپنے منطقی انجام تک نہیں پہنچتی ہے تب تک پاکستان اپنی سفارتی و سیاسی مدد جاری رکھیں گے۔ شبیر شاہ نے مرکزی وزیر خزانہ پی چدمبرم کے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے جو انہوں نے دیا ہے جبکہ چدمبرم کشمیر کی حالت سے بخوبی واقف ہو کر بھی نوشتہ دیوار نہیں پڑ ھ رہے ہیں۔ شبیر شاہ نے کہا کشمیر کبھی بھی ہندوستان کا حصہ نہیں رہا ہے اور نہ کبھی رہے گا۔ 

محاذ آزادی کے سرپرست اعظم انقلابی نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا یہ بیان بالکل درست ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے دریاؤ ں کی بدولت ہی پاکستان کے کھیت شاداب اور آباد ہیں، کشمیر آزاد ہو گا تو ہم کشمیر کے دریاؤ ں کا رخ نہیں موڑیں گے۔ یہ دریا پاکستان کی طرف ہی بہتے رہیں گی۔ 

دریں اثنا ظفر اکبر بٹ نے جنرل راحیل شریف کے کشمیر پر دئیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل اور شہ رگ اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت قائداعظم علی محمد جناح کے موقف کی تائید ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی عوام اور حکومت کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد کو جاری رکھیں گے۔ کشمیری عوام بے پناہ قربانیوں کو رائیگان نہیں ہونے دیں گی۔  

بیرسٹر عبدلمجید ترمبو نے جنرل راحیل شریف کی طرف سے دئیے گئے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات ہمیشہ حوصلہ افزاء ہوتے ہیں۔ فریدہ بہن جی نے جنرل راحیل کے بیان کو سراہتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ بھارت افواج اور سیاستدان جنرل راحیل کے بیان کو سنجیدگی سے لے کر مسئلہ کشمیر کے پْرامن اور دیرپا حل کیلئے مذاکرات کی میز پر آئیں گے۔
خبر کا کوڈ : 379047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش