0
Sunday 11 May 2014 01:43

بلوچستان میں 7 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں

بلوچستان میں 7 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں

اسلام ٹائمز۔ وفاقی محکمہ صحت کے مطابق پاکستان میں ایک کروڑ 40 لاکھ افراد ہیپاٹائٹس یعنی (یرقان) کا شکار ہیں۔ جن میں سے 80 لاکھ کے قریب ہیپاٹائٹس سی جبکہ 50 لاکھ کے قریب ہیپاٹائٹس بی کے مریض ہیں جبکہ بلوچستان میں ہیپاٹائٹس کے 7لاکھ مریض ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق بلوچستان کی جیلوں میں موجود 80 فیصد قیدیوں میں یرقان کا جان لیوا کا مرض پایا جاتا ہے۔ جس کی بنیادی وجہ جیل مینول کے مطابق خوراک نہ دینا اور جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھنا ہے کیونکہ رات کو جب یہ قیدی تنگ جگہ پر سوتے ہیں تو مرض ایک مریض سے سانس کے ذریعے دوسرے مریض میں منتقل ہو جاتا ہے۔ ماہر ذرائع سے بتایا جاتا ہے کہ اگر اس مرض پر جلد قابو نہ پایا گیا تو قیدیوں کی اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ صحت اس سلسلے میں حکومت کو رپورٹ بھی ارسال کرچکی ہے کہ بلوچستان کی کس جیل میں کتنے قیدی ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں۔ تاہم حکومت کی جانب سے تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ یاد رہے کہ بلوچستان کی موجودہ حکومت نے گذشتہ سال اڑھائی لاکھ سرکاری ملازمین کے ہیپاٹائٹس کے ٹیسٹ اور ویکسینیشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کے علاوہ عام آدمی کو بھی اس مرض سے بچانے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق بلوچستان ان علاقوں میں جہاں گیس کی سہولت موجود نہیں اور لوگ لکڑیوں کے علاوہ پرانے ٹائر، کپڑے، جوتے، پلاسٹک کا سامان اور دیگر اشیاء ایندھن کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ ان سے بھی ہیپاٹائٹس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ خصوصاً کوئٹہ شہر میں کوڑا کرکٹ اور ہسپتالوں کے جراثیم کش فضلے کو غیر محفوظ طریقے سے جلایا جاتا ہے۔ یہ عمل بھی مرض کے پھیلاؤ کا سبب ہے۔ ادھر محکمہ صحت کے ایک ذمہ دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ بلوچستان میں یرقان کے 7 لاکھ مریضوں کے علاج معالجے کے لیے صرف 2 کروڑ 50 لاکھ روپے کا فنڈ موجود ہیں۔ جس میں سے صرف 100 مریضوں کا مکمل علاج اور 50 ہزار مریضوں کی ویکسینیشن ممکن ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صوبے کے ہر ضلع میں صرف 500 مریضوں کو علاج تک رسائی ہے جبکہ اکثر اضلاع میں کولڈ چینز کے خراب ہونے کی وجہ سے ویکسینیشن خراب ہو رہی ہے۔

خبر کا کوڈ : 381323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش