0
Saturday 17 May 2014 09:48

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا 19مئی کو آزاد کشمیر بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

وزیر اعظم آزاد کشمیر کا 19مئی کو آزاد کشمیر بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج اور پولیس کی طرف سے معصوم کشمیری طلباء اور نوجوانوں پر تشدد اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کے خلاف 19مئی کو آزاد کشمیر بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس دن ریاست کے طلباء بھارتی وحشیانہ اقدامات کے خلاف ریلیوں اور جلسے منعقد کرکے احتجاج کریں گے۔ وہ جمعہ کے روز یہاں وزیراعظم سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل و وزیر خزانہ و منصوبہ بندی چوہدری لطیف اکبر اور وزیر طلاعات، زراعت و لائیوسٹاک سید بازل علی نقوی بھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر کے اندر نوجوانوں بالخصوص طلباء کو اپنے تشدد کا نشانہ بنایا ہوا ہے اور مقبوضہ کشمیر کی جیلیں نوجوانوں سے بھر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نوجوانوں نے بھارت کی فورسز کو بے بس کر رکھا ہے۔ قابض فورسز نے نوجوانوں کی آواز دبانے کے لیے پرتشدد راستہ اختیار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں کے نوجوان اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں اور 19مئی کو ریاست بھر کے طلباء اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے یوم سیاہ منا کر اظہار یکجہتی کریں گے۔

چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے مختلف وفود بھیجے جائیں گے۔ لندن میں تاریخی احتجاجی ملین مارچ کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی حمایت میں بیان سے کشمیر کاز کو بڑی تقویت ملی ہے۔ ایک سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ 19مئی کو یوم سیاہ منانے کے لیے اورسیز کشمیریوں کو بھی موبلائز کیا جا رہا ہے، جس کے لیے برطانیہ کو فوکس کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزاد جموں کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا جس میں بھارتی مظالم کی مذمت اور مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد منظور کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ہمارا وکیل ہے اور کشمیریوں کی حتمی منزل پاکستان ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہاکہ بھارت جنگ بندی لائن پر فائرنگ مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے کر رہا ہے۔ کشمیری بھارتی فائرنگ سے مرعوب نہیں ہوں گے۔

ایک نجی چینل کے حوالے سے سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ پوری قوم اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ نجی ٹی وی چینل پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے والے پروگرام پر احتجاج کر رہے ہیں ہم بھی اس کی مذمت کرتے ہیں۔ اس موقع پر وزیرخزانہ نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں شکست کھا چکا ہے اور اس خفت کو مٹانے کے لیے بے گناہ کشمیریوں پر بے جا تشدد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے پی ایس ایف اور پی وائی او کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ 19مئی کو یوم سیاہ منانے کے لیے انتظامات مکمل کریں۔ اس احتجاج میں دیگر جماعتوں کے طلباء کو شامل کرنے کے لیے ان سے رابطہ کریں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی انتخابات میں جس طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بائیکاٹ کیا اس سے بھارت کو کشمیریوں کی خفت کا اندازہ ہو جانا چاہیے کشمیری کبھی بھی بھارت کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 383326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش