0
Thursday 22 May 2014 23:42

پیش امام اور موذن کی سیاسی تقرریاں، سندھ ہائیکورٹ نے اسامیوں کی فہرست طلب کرلی

پیش امام اور موذن کی سیاسی تقرریاں، سندھ ہائیکورٹ نے اسامیوں کی فہرست طلب کرلی
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے محکمہ اوقاف کے سیکریٹری اور چیف ایڈمنسٹریٹر سے مساجد میں پیش اماموں، موذن اور خادمین کی منظور شدہ اسامیوں پر تقرریوں کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ سماعت کے موقع پر مولویوں کی بڑی تعداد کمرہ عدالت میں موجود تھی۔ مساجد میں فرائض انجام دینے والے ملازمین نے محکمہ اوقاف، مذہبی امور، زکوۃ و عشر کے سیکرٹریز اور ایڈمنسٹریٹرز کو فریق بناتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے کہ ان کے کنٹریکٹ پر تقرریاں 1995ء سے 2009ء کے دوران عمل میں آئیں لیکن سیاسی پسند و ناپسند کی بنیاد پر ریگولرائز کیا جا رہا ہے، ملازمین طویل عرصے سے کنٹریکٹ پر فرائض انجام دے رہے ہیں انھیں مستقل نہیں کیا جا رہا۔ درخواست میں بتایا گیا ہے کہ پیش امام کی تنخواہ 2500، موذن کی 2000، اور خادم کی تنخواہ صرف 1500روپے ہے۔ انھوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ ان کی تنخواہ صوبے میں مقرر کی گئی کم سے کم اجرت سے بھی کم ہے، اتنی کم تنخواہ کے باوجود ان پر برطرف کئے جانے کی تلوار لٹکی رہتی ہے، وہ خوف کے عالم میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
 
عبدالحسیب جمالی کے توسط سے دائر درخواست میں مزید بتایا گیا کہ درخواست گزاروں نے کئی بار حکام بالا کو مستقل کرنے کے لئے درخواستیں دیں لیکن وہ فنڈز کی کمی کا بہانہ بنا کر انھیں ٹال دیتے ہیں، 2010ء میں محکمہ زکوٰۃ و عشر کی جانب سے مستقل ملازمین کے لئے بجٹ میں رقم رکھی گئی تاہم 2013ء میں جب رقم مختص کی گئی تو صرف ان ملازمین کو مستقل کیا گیا جو حکمران پارٹی سے تعلق رکھتے تھے۔ دوران سماعت سیکریٹری اوقاف نے بتایا کہ اوقاف ریونیو پیدا کرنے والا محکمہ ہے اور مزاروں اور دیگر ذرائع سے جو آمدنی ہوتی ہے اس میں سے تنخواہیں ادا کی جاتی تھیں لیکن اب حکومت سندھ نے انھیں گرانٹ دینا شروع کی ہے اور خصوصی طور پرمحکمہ اوقاف کی آمدنی سے دو گنا کرکے 21 کروڑ 60 لاکھ روپے کی امداد دی گئی لیکن چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف عبدالرحمن چیمہ نے موقف اختیار کیا کہ ملازمین کی تنخواہوں کے لئے مستقل مد نہیں اور نہ ہی ضرورت کے مطابق رقم دی جاتی ہے۔ سیکریٹری اور چیف ایڈمنسٹریٹر میں منظور شدہ اسامیوں پر بھی اختلاف پایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 385302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش