0
Friday 23 May 2014 19:01

طالبان سے مذاکرات میں کوئی خاص کامیابی نہیں ملی، گورنر خیبر پی کے

طالبان سے مذاکرات میں کوئی خاص کامیابی نہیں ملی، گورنر خیبر پی کے
اسلام ٹائمز۔ خیبر پی کے کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ حکومت کو ابھی تک طالبان کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل میں کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ مہمند ایجنسی کے صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ گفتگو میںگورنر نے کہا کہ عسکریت پسندوں کے ساتھ بات چیت کا عمل انتہائی پیچیدہ ہے جسے حل کرنا اتنا آسان نہیں۔ سردار مہتاب احمد خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بڑے خلوص کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا لیکن میرے خیال میں یہ اتنا آسان کام نہیں، کچھ حقائق ایسے ہیں جنہیں بتایا نہیں جاسکتا جس کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اب تک حکومت اور طالبان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوسکی ہے تاہم مایوسی گناہ ہے۔ انہوں نے کہا وزیرستان میں کوئی غیر اعلانیہ کارروائی نہیں ہورہی بلکہ آپریشن کا کوئی اعلان کیا ہی نہیں جاتا۔ گورنر نے کہا کہ وزیرستان میں فوج جو کچھ کر رہی ہے وہ بالکل ٹھیک کر رہی ہے۔ حکومت کو فوج پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاثر میں کوئی حقیقت نہیں کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر فوج اور حکومت کا مؤقف الگ الگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی میں حالات پہلے کے مقابلے میں کافی حد تک بہتر ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سمیت کئی اہم ایشوز پر مشاورت جاری ہے اور رفتہ رفتہ تمام معاملات حل ہوجائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 385539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش