0
Saturday 31 May 2014 21:07

لاہور کو ہی پاکستان سمجھنے والوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا، شرجیل میمن

لاہور کو ہی پاکستان سمجھنے والوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیرِ اطلاعات وبلدیات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہر جمہوری حکومت کے خلاف سازش کا حصہ رہی، لاہور کو ہی پاکستان سمجھنے والوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر، آئی جی سندھ اقبال محمود اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد شرجیل میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں امن و امان سے متعلق 14 مئی کو وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں پہلی بار آرمی چیف سمیت ڈی جی آئی ایس آئی نے بھی شرکت کی تھی اور اجلاس میں آپریشن پر وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی تھی تاہم وفاقی حکومت نے ٹارگٹڈ آپریشن کے لئے ایک روپیہ بھی مدد فراہم نہیں کی جبکہ غیر قانونی سموں کی بندش میں بھی وفاقی حکومت ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے باوجود کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو کسی بھی دباؤ میں آکر ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کا دائرہ کار سندھ کے دیگر شہری اور دیہی علاقوں تک پھیلایا جائے گا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری گا۔ 

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ن لیگ ہر جمہوری حکومت کے خلاف سازش کا حصہ رہی، لاہور کو ہی پاکستان سمجھنے والوں نے ماضی سے کوئی سبق نہیں سیکھا اور اب بھی سندھ سے سوتیلی ماں والا سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ ریونیو دیتا ہے مگر اسے ہی نظر انداز کرکے اس کا حصہ کاٹا جا رہا ہے۔، آئندہ بجٹ میں صوبے کے میگا پراجیکٹس بشمول تھر کول پراجیکٹ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات کا کہنا تھا کہ جتنی لوڈ شیڈنگ سندھ میں کی جا رہی ہے اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی، وفاقی وزیر لائن لاسز کی بات کرتے ہیں، سب سے زیادہ لائن لاسز لاہور میں ہو رہے ہیں وہاں 50 فیصد لائن لاسز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے لاہور کو ہی پاکستان سمجھ رکھا ہے، نوازشریف نے 90ء کی دہائی کی سیاست دوبارہ شروع کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اپنے خلاف احتساب کے مقدمات ختم کرا لئے لیکن یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم کے وارنٹ جاری کر دیئے، اس کے باوجود پیپلز پارٹی (ن) کی حکومت کے سامنے نہیں جھکے گی۔
خبر کا کوڈ : 388121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش