0
Tuesday 3 Jun 2014 00:13

جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری

جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی سیاست میں پیدا ہونے والی گرمی کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے بھی چاروں صوبوں کے رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ سابق صدر مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کہتے ہیں کہ جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔ آصف علی زرداری سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے اراکین اسمبلی اور ضلعی رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم جمہوریت کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، پارٹی رہنماؤں نے سابق صدر سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھیں۔ رہنماؤں کی شکایات پر سابق صدر نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کے ضلعی سطح کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں اور عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو بھی کل کراچی طلب کرلیا ہے۔ کل ہونے والے اجلاس میں ملک خصوصا پنجاب کی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے آئندہ مالی بجٹ پر بات چیت کی جائے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے صوبائی وزراء کو کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دیدی، ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی کارکردگی پر ہر 3 ماہ بعد اجلاس ہوگا، وزراء کی کارکردگی کو خود مانیٹر کروں گا۔ بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں وزراء کیخلاف شکایات کے انبار لگا دیئے گئے، اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزراء کے ساتھ ساتھ بیورو کریسی بھی اہمیت نہیں دیتی۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے اراکین اسمبلی کی شکایت پر صوبائی وزراء کو تنبیہ کرتے ہوئے کارکردگی بہتر بنانے کی وارننگ دیتے ہوئے مانیٹرنگ کیلئے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزراء کی کارکردگی کو خود مانیٹر کروں گا، وزیر اور افسر کے دفتر آنے جانے کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اراکین اسمبلی کی شکایت پر صرف اراکین کا اجلاس بلاؤں گا، جس میں کوئی وزیر نہیں ہوگا، کسی بھی رکن اسمبلی کو شکایت ہو تو بغیر ڈرے بیان کرے، سندھ حکومت کی کارکردگی پر ہر 3 ماہ بعد جائزہ اجلاس بھی ہوگا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ وزراء کی کارکردگی یہی رہی تو آئندہ ایران کی طرح نامزد کیا جائے گا، ایران میں وزراء کو پارٹی پول کے ذریعے منتخب کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 388642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش