0
Monday 9 Jun 2014 19:34

سنی اتحاد کونسل کا13 جون کو ’’یومِ مذمت دہشتگردی‘‘ منانے کا اعلان

سنی اتحاد کونسل کا13 جون کو ’’یومِ مذمت دہشتگردی‘‘ منانے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا اور دوسرے راہنماؤں علامہ محمد شریف رضوی، طارق محبوب، سیّد جواد الحسن کاظمی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، مفتی محمد حسیب قادری، مولانا محمد وزیر القادری اور ارشد مصطفائی نے کہا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردوں کا حملہ قابل مذمت ہے۔ راہنماؤں نے کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل سانحۂ کراچی کے خلاف جمعہ 13 جون کو ملک گیر ’’یومِ مذمت دہشت گردی‘‘ منائے گی۔ حکومت دہشت گردی پر نئی قومی پالیسی تیار کرنے کے لیے فی الفور آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے۔ پاک فوج، رینجرز اور پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ پوری قوم سانحۂ کراچی کے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحۂ کراچی سے حکمرانوں اور مذاکرات کے حامی راہنماؤں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ مذاکرات کی پالیسی سے دہشت گردوں کو مضبوط ہونے کا موقع ملا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اور پوری قوم متحد ہو کر ریاست مخالف دہشت گردوں کے خلاف قومی جہاد کا اعلان کرے۔ دہشت گردوں کو ریاستی طاقت سے کچلا نہ گیا تو قومی سلامتی کا تحفظ ممکن نہیں رہے گا۔ اب پانی سر سے گزرنے لگا ہے اس لیے حکمرا ن دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کا دو ٹوک فیصلہ کریں۔ قومی تنصیبات اور اہم مقامات کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔ دہشت گردوں سے بھارتی ساختہ اسلحہ ملنا دہشت گردوں کو بھارت کی پشت پناہی حاصل ہونے کا ثبوت ہے۔

اہل سنت رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد اسلامی ریاست کو مفلوج کر کے پاکستان دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم پورے کرنا چاہتے ہیں۔ ریاست پاکستان سے اعلان جنگ کرنے والے طالبان کو غدارانِ پاکستان قرار دیا جائے۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متفقہ پالیسی اور یکساں مؤقف اختیار کریں۔ قیام امن کے ایجنڈے پر قومی قیادت متحد ہو جائے کیونکہ ایسا نہ ہوا تو ملکی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 390571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش