0
Monday 23 Jun 2014 10:10

سوات، مینگورہ شہر میں کرفیو نافذ، مشکوک افراد کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن

سوات، مینگورہ شہر میں کرفیو نافذ، مشکوک افراد کی گرفتاری کے لئے سرچ آپریشن
اسلام ٹائمز۔ ضلع سوات کے صدر مقام مینگورہ شہر کے علاقوں عثمان آباد، طاہر آباد، بھٹنی چوک، یخ کوہے، رحمان آباد، مرغزار ٹاون، یوسف آباد اور گرد ونوواح میں گزشتہ رات ایک بجے سے کرفیو نافذ کردی گئی، کرفیو کے نفاذ کے لئے سیکیورٹی فورسز نے لاوڈ سپیکرز سے اعلانات کئے، جس میں لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایات جاری کردی گئیں اور کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے کو گرفتار اور انکے خلاف کارروائی کی تنبیہ کردی گئی۔
محو خواب رہنے کی وجہ سے زیادہ تر لوگوں نے کرفیو کے نفاذ کے اعلانات نہیں سنے۔ اور وہ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے لئے گھروں سے معمول کے مطابق نکل ائے تاہم مساجد تک پہنچنے سے قبل سیکورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں نے لوگوں کو مساجد میں نماز کی ادائیگی سے روک دیا۔ یوں لوگ مساجد میں نماز کی ادائیگی کےبغیر گھروں کو لوٹ گئے۔
ادھر علاقے میں کرفیو کے نفاذ کے بعد ان علاقوں کے تمام چھوٹے بڑے مراکز بند رہے اور کرفیو کے اچانک نفاذ کے باعث مقامی لوگوں اور دکانداروں کو روزمرہ کے اشیائے خورد و نوش خریدنے اور بیچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سرچ آپریشن کے دوران لوگ گھروں میں محصور رہے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں گھر گھر سرچ آپریشن شروع کردیا، ذرائع کے مطابق آپریشن، علاقے میں موجود مشکوک افراد کی موجودگی پر، شروع کیا گیا۔ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے علاوہ پولیس اور ایف سی کے جوان بھی شریک رہے۔ آخری اطلاعات آنے تک آپریشن جاری رہا۔ ذارائع کے مطابق آپریشن کے دوران مقامی لوگوں سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کرکے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ اور متعدد افراد کی گرفتاری کی بھی اطلاع ہے۔
خبر کا کوڈ : 394312
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش