0
Wednesday 25 Jun 2014 15:35

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والوں کو سندھ آنے سے نہیں روکا، قائم علی شاہ

شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرکے آنے والوں کو سندھ آنے سے نہیں روکا، قائم علی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کے سندھ میں داخلے پر پابندی عائد نہیں کی ہے۔ سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ اور دہشت گرد کسی بھی صورت میں سندھ نہ آنے پائیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آپریشن ضرب عضب کے باعث بے گھر افراد کیلئے حکومت سندھ کی طرف سے 5 کروڑ روپے کی امداد کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے بھی امدادی سامان کے ٹرک روانہ کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں زرعی انکم ٹیکس کے نفاذ کے لیے بل بھی پیش کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کا بجٹ حقیقت پسندانہ اور غریب پرور ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی ہمیں ورثے میں ملی ہے، آج امن و امان کی صورتحال بہتر ہے لیکن ہم 2008ء میں آئے تو سپریم کورٹ نے ایک سال کے اندر از خود نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورت حال بہت خراب ہے۔ قائم علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پیپلز پارٹی کی حکومت کو ہراساں کرنے اور انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانے کرنے کیلئے آئی تھی۔
 
قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ ہم نے پولیس میں سیاسی مداخلت کی ہے، ہم نے صرف کانسٹیبل بھرتی کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ 65 فیصد کم ہے، اغوا برائے تاوان، بھتہ اور دیگر جرائم کی شرح بھی کم ہے، ہم بہت زیادہ اسلحہ بازیاب کرایا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے پہلے ہیپاٹائٹس کو کنٹرول کرنے کا پروگرام شروع کیا، 39 تعلقہ اسپتالوں کو ضلعی اسپتالوں کے برابر لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی کی، صوبے میں نئی جامعات، کیڈٹ کالجز، کمپری ہینسو اسکول اور پبلک اسکول قائم کئے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں اپوزیشن کے اس مطالبے سے متفق ہوں کہ اضلاع کو صوبائی مالیاتی کمیشن (پی ایف سی) کے تحت مالیاتی وسائل کی تقسیم ہونی چاہیے لیکن پہلے پی ایف سی کے تحت ہی تقسیم ہوتی تھی، جس پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تراض کیا تھا اور کہا تھا کہ اس تقسیم سے اس کی ضرورت پوری نہیں ہوتی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے بے گھر ہونے والوں کو ہم نے سندھ میں آنے سے نہیں روکا ہے، ہم نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے کہا ہے کہ صوبے کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیک پوسٹس قائم کی جائیں اور کسی بھی پاکستانی شہری کو سندھ آنے سے نہ روکا جائے لیکن کوئی بھی دہشت گرد اور غیر قانونی اسلحہ سندھ نہ آنے پائے۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ کا تلخ تجربہ ہے، 2009ء کے سوات آپریشن میں بہت سے لوگ کراچی سمیت پورے سندھ میں آئے تھے، ہم نے ان کی خدمت کی تھی اور واپسی کیلئے بھی انتظامات کئے تھے تاکہ وہ اپنے گھروں میں آباد ہو سکیں لیکن کچھ لوگ یہاں رہ گئے تھے اور رپورٹس یہ ہیں کہ زیادہ تر یہی لوگ دہشت گردی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے الزام میں زیادہ تر سوات کے لوگ پکڑے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 394972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش