0
Monday 30 Jun 2014 09:53

موجودہ بجٹ سے ریاست میں ترقی کی نئی رائیں ہموار ہوں گی، بازل نقوی

موجودہ بجٹ سے ریاست میں ترقی کی نئی رائیں ہموار ہوں گی، بازل نقوی
اسلام ٹائمز۔ وزیرا طلاعات و زراعت لائیوسٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ عوامی حکومت نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ صائب، ترقیاتی، اہداف کو حاصل کرنے والا اور عوام کی حالت بدلنے کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا اس بجٹ کی خوبصورتی یہ ہے کہ اس میں ہر شعبہ زندگی کو برابر کی اہمیت دی گئی ہے حتی کہ ریاست کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی ترقی کے لیے الگ فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کے پیش نظر انفارمیشن و میڈیا ڈویلپمنٹ سیکٹر کی ایلوکیشن میں 100فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 300 ہونہار طلبہ و طالبات کے لئے لیپ ٹاپ کی فراہمی کی سکیم شروع کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے مظفرآباد میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیرا طلاعات نے بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اسلامی ترقیاتی بنک کے تعاون سے ایجوکیشن سیکٹر میں مختلف تعلیمی اداروں کی تعمیر کیلئے خاطر خواہ فنڈز تجویز کیے گئے ہیں جو وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کا اپنی عوام کو ایک بڑا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیڈکوارٹرز آٹھمقام، کہوٹہ اور ہٹیاں بالا کی واٹر سپلائی سکیموں کے لئے حسب ضرورت فنڈز مہیا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معذور بچوں کے تعلیمی ادارہ سپیشل ایجوکیشن سینٹر مظفرآباد کیلئے 2 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جبکہ ریسکیو 1122 اور ایمرجنسی سروسز کی بہتری کے لیے رقم مہیا کئی گئی ہے۔

بازل نقوی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ جنگلات کیلئے 10ملین روپے، صحت عامہ کے لیے 20ملین روپے، ماحولیات کیلئے 5ملین روپے اور ماھی پروری کیلئے 5ملین روپے کی اضافی رقم مہیا کی گئی ہے تاکہ ان شعبہ جات کے منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی گرین کیب سکیم کے لیے رقم مختص کی گئی ہے اور تحصیل ہیڈکوارٹر سماہنی اور کہوٹہ میں گرڈسٹیشن کی تعمیر، حصول اراضی کی خاطر ضروری فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بجلی کی سہولت کی فراہمی کیلئے وزیراعظم کی مائیکرو ہائیڈل سکیم کیلئے 15کروڑ روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی بین الاضلاعی سڑکوں کی بحالی و ریکنڈیشنگ کے لیے فنڈز مہیا کیے گئے ہیں جبکہ اوورلوڈنگ کے باعث سڑکوں کو نقصان سے بچانے کیلئے 8 داخلی راستوں پر Weigh Stations قائم کرنے کی تجویز ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر کی جملہ تحصیل ہیڈکوارٹر پر واٹرسپلائی سکیموں کی ڈیزائنگ اور فزیبلیٹی کیلئے منصوبہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے مہاجرین کی آبادکاری کیلئے 11کروڑ روپے کی رقم کی فراہمی کی تجویز ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ دستیاب فنڈز کی 80% آبادی اور 20% علاقہ کی بنیاد پر بین الاضلاعی تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے اگر ان اعدادوشمار کو دیکھا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ پی پی پی کی حکومت نے ایک ایسا تاریخی بجٹ پیش کیا ہے جس سے ریاست کے عوام کے دن بدلیں گے اور خوشحالی ان کے دروازے پر دستک دے گی۔
خبر کا کوڈ : 396191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش