0
Wednesday 9 Jul 2014 12:38

فوجی آپریشن، تازہ ترین کارروائی میں 11 دہشتگرد ہلاک، 3 ٹھکانے تباہ

فوجی آپریشن، تازہ ترین کارروائی میں 11 دہشتگرد ہلاک، 3 ٹھکانے تباہ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں پاک فوج کے تازہ ترین فضائی حملوں میں عسکریت پسندوں کے 3 مبینہ ٹھکانے تباہ ہوگئے، جبکہ 11 مبینہ شدت پسندوں کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے تحصیل میرانشاہ میں عسکریت پسندوں کے 3 ٹھکانے تباہ کر دیئے، جس کے نتیجے میں 11 مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت غیر ملکی جنگجو ہیں۔ ہلاک ہونے والے زیادہ تر عسکریت پسند غیر ملکی ہیں، تاہم ابھی شناخت کا عمل شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے تحصیل میرعلی میں بھی عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ میرانشاہ میں آپریشن ضرب عضب تیزی سے جاری ہے اور ایک بڑے علاقے کو دہشت گردوں سے خالی کروا لیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع نے بھی تازہ ترین کارروائی میں عسکریت پسندوں کے 3 ٹھکانے تباہ کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
آپریشن ضربِ عضب کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ ملکی و غیر ملکی میڈیا کو میران شاہ تک رسائی دی گئی ہے۔ میڈیا بالخصوص ٹی وی نیٹ ورکس کو اس بات کی بھی اجازت دی گئی ہے کہ وہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے تباہ کیے گئے عسکریت پسندوں کے مبینہ ٹھکانوں کی فوٹیج استعمال کرسکتے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب دہشت گردوں پر غضب ڈھا رہا ہے۔ فوجی جوان حوصلوں کے ساتھ مسلسل پیش قدمی کر رہے ہیں۔ ادھر پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنے جانبازوں کے شانہ بشانہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میران شاہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری میں گیارہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے، دہشتگردوں کے تین ٹھکانے بھی تباہ کر دیئے گئے۔ گذشتہ روز دیگان میں فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے حملہ کرکے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تہس نہس کر دیا۔ حملے کے دوران 13 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں غیر ملکی انتہا پسند بھی شامل ہیں۔ فضائی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی سات پناہ گاہیں بھی تباہ ہوئیں۔
ادھر میران شاہ میں پاک فوج کے زمینی دستے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ دہشت گردوں کا محاصرہ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ تین ہفتوں سے جاری آپریشن میں چار سو سے زائد دہشت گرد ہلاک اور درجنوں ٹھکانے تباہ کیے جا چکے ہیں۔ شمالی وزیرستان سے شہری آبادی کے انخلا کے بعد 30 جون کے بعد میران شاہ میں کی جانے والی زمینی کارروائیوں کے دوران فورسز کو اہم کامیابیاں ملیں۔ دہشت گردی کے تربیتی مراکز اور بم بنانے کی دو فیکٹریاں پکڑی جانے کے علاوہ ٹینک شکن بارودی سرنگیں بھی برآمد کی گئیں۔ فورسز شمالی وزیرستان کے صدر مقام کے تقریباً چالیس فی صد سے زائد علاقے پر مکمل کنٹرول حاصل کرچکی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 398307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش