0
Thursday 10 Jul 2014 12:55

آئینی ترامیم کے حوالے سے کمیٹی کام کر رہی ہے، چوہدری عبدالمجید

آئینی ترامیم کے حوالے سے کمیٹی کام کر رہی ہے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ جاگراں فیز ٹو کا ٹھیکہ میرٹ پر دیا گیا ٹھیکے میں کرپشن کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ پیرا میڈیکل ملازمین کی ہڑتال بلاجواز ہے، حکومت نے جائز مطالبات تسلیم کر لئے ہیں۔ وزیرستان آپریشن متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے۔ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزاد کشمیر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ دہشت گردوں کو اب نئی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ بھارت ریاستی جبروتشدد کے ذریعہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کر سکتا۔ مودی سرکاری ہٹ دھرمی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔ اخباری مالکان اور صحافیوں کے تمام مسائل حل کریں گے۔ ریاستی میڈیا کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی طرف سے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی ایڈیٹرز کونسل اور کشمیر جرنلسٹس فورم کے نومنتخب عہدیداران کے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اس موقع پر وزیر حکومت طاہر کھوکھر، وزیراعظم کے مشیر راجہ مبشر اعجاز، پرنسپل سیکرٹری فیاض عباسی، وزیراعظم کے میڈیا کنسلٹنٹ واحد بٹ، پریس سیکرٹری شوکت ملک، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور دیگر سینئر صحافی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اے کے این ایس کے صدر عامر محبوب، ایڈیٹرز کونسل کے چیئرمین راجہ کفیل احمد اور کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر اعجاز عباسی کو شیلڈز بھی دیں۔ 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اے کے این ایس کشمیر ایڈیٹر کونسل اور کشمیر جرنلسٹس فورم کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اس پیشے سے وابستہ افراد کی ذمہ داریاں بھی زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی میڈیا کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ اخباری مالکان اور صحافیوں کے تمام مسائل حل کریں گے۔ صحافیوں کی مثبت تنقید کا خیرمقدم کریں گے۔ بعد ازاں صحافیوں کے سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاگراں فیز ٹو کا ٹھیکہ میرٹ پر دیا گیا۔ ٹھیکے میں کرپشن کے الزامات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے بورڈ کے اجلاس میں میرٹ پر فیصلہ ہوا میرا ضمیر مطمئن اور دل صاف ہے۔ یہ قومی منصوبہ ہے 48 میگاواٹ کے اس منصوبے سے آزادکشمیر میں لوڈشیڈنگ کم کرنے میں مدد ملے گی۔ 

انھوں نے کہا کہ بورڈ نے جو فیصلہ کیا وہ میرٹ پر کیا۔ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ حقائق معلوم کیے بغیر خبریں شائع کرنے سے گریز کرے۔ جاگراں فیز ٹو کے حوالے سے جو کچھ اخبار میں چھپ رہا ہے وہ حقائق کے خلاف ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ وزیرستان میں پاک فوج ملک کی سلامتی اور بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے آپریشن سے بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ آزاد حکومت اپنی بساط کے مطابق متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں سکیورٹی الرٹ ہے۔ دہشت گردوں کو اب کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ 

ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پیرامیڈیکل ملازمین کی ہڑتال بلاجواز ہے۔ حکومت نے ان کے تمام جائز مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔ ریاست کے بجٹ کا ایک بڑا حصہ پہلے یہ ملازمین کی تنخواہوں پر خرچ ہو رہا ہے۔ 62 ارب میں سے صرف ساڑھ دس ارب ترقیاتی بجٹ ہے ہمارے لوگوں کے پاس نہ تو بڑی زمینیں ہیں اور نہ ہی کوئی بڑے صنعتی زون ہیں سرکاری نوکریاں بھی لوگوں کا واحد بڑا ذریعہ ہے ہم نے ضرورت سے زیادہ لوگوں کو سرکاری ملازمتوں میں ایڈجسٹ کر رکھا ہے ملازمین کو بھی اس بات کا خیال رکھنا چاہیے۔ آئے روز ہڑتالیں مسائل کا حل نہیں ہے۔ ہمیں فنڈز حکومت پاکستان نے دینے ہیں جب زیادہ فنڈز ملیں گے تو تمام ملازمین کے دیگر مسائل بھی حل کریں گے۔ 

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کو حق خودارادیت اقوام متحدہ نے دیا ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ ہٹ دھرمی ترک کرکے مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔ کشمیر کو سائیڈ لائن کرکے نہ تو پاک بھارت تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں اور نہ ہی امن قائم ہو سکتا ہے۔ آئینی ترامیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ آئینی ترامیم کے حوالے سے کمیٹی کام کر رہی ہے۔ آئینی ترامیم کے حوالے سے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ کمیٹی جونہی اپنی سفارشات مکمل کرے گی اسے اسمبلی میں پیش کیا جائے گا آئینی ترامیم پر سب کا اتفاق ہے۔
خبر کا کوڈ : 398580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش