0
Monday 14 Jul 2014 23:36

ملی یکجہتی کونسل کا اسرائیل کیخلاف 18 جولائی کو یوم مذمت اور جمعۃ الوداع کو ملکر یوم القدس منانیکا اعلان

ملی یکجہتی کونسل کا اسرائیل کیخلاف 18 جولائی کو یوم مذمت اور جمعۃ الوداع کو ملکر یوم القدس منانیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے سینیئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ، آصف لقمان، ثاقب اکبر، پیر ناصر جمیل ہاشمی، میاں محمد اسلم، قاضی ظفر الحق، علامہ عارف حسین واحدی، مولانا عبد الجلیل، علامہ اصغر عسکری، شاہد شمسی اور طاہر محمود نے اسلام آباد میں مشترکہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے قیام کے وقت سے اصولی طور پر غاصب صہیونی ریاست کا مخالف رہا ہے۔ بانی پاکستان نے امریکی صدر کو لکھے گئے خط میں واضح طور پر کہا تھا کہ برصغیر کے لوگ فلسطینیوں کی منشاء کے خلاف کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ ہمیں فلسطینیوں کو یہ باور کروانا ہے کہ برصغیر میں بسنے والے مسلمان آپ کے ساتھ ہیں۔ تحریک پاکستان کے تمام قائدین اور دنیا بھر کے آزادی پسند انسان تحریک آزادی فلسطین کے پشتی بان رہے ہیں۔ ان عالمی راہنمائوں نے نہ صرف یہ کہ واشگاف الفاظ میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کی بلکہ واضح انداز میں غاصب صہیونی ریاست کی مذمت بھی کی۔ فلسطین عالمی ضمیر انسانیت پر ایک کربناک زخم ہے جو کشمیر کی مانند آج بھی عالم انسانیت کی توجہ کا طالب ہے۔ فلسطینیوں سے ہمارا رشتہ صدیوں پرانا ہے۔ یہ سرزمین اور اس کے باسی ہمارے وجود کا حصہ ہیں۔ اس سرزمین کے باسیوں پر کیا جانے والا کوئی بھی ظلم پورے عالم اسلام بلکہ پورے عالم انسانیت پر ظلم کے مترادف ہے۔

رہنماوں نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل جو پاکستان میں مذہبی جماعتوں کی نمائندگی کرتی ہے، مظلوم فلسطینیوں پر صہیونی ریاست کی جانب سے کی جانے والی نئی وحشیانہ جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ اتحاد اپنے فلسطینی بھائیوں کو یہ یقین دلواتا ہے کہ ہم کبھی بھی آپ کو آزادی کی اس جدوجہد میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ہم اپنے وسائل میں رہتے ہوئے بلکہ اس سے بڑھ کر بھی آپ کی مدد کو اپنا فریضہ سمجھتے ہیں۔ ہم آپ کی نمائندگی کرتے ہوئے اقوام عالم سے شکایت کرتے ہیں کہ ہمارے فلسطینی بھائیوں پر مظالم کا سلسلہ فی الفور بند کیا جائے۔ ملی یکجہتی کونسل غزہ میں غاصب اسرائیلی افواج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں جن میں بچے، بوڑھے اور خواتین بھی شامل ہیں، کے خلاف ہونے والے جنگی جرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ملی یکجہتی کونسل حکومت پاکستان کی جانب سے ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر زبانی احتجاج کو ناکافی سمجھتی ہے اور حکومت وقت سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ پاکستانی عوام کے جذبات کی درست نمائندگی کرتے ہوئے اپنے سفارتی اثر و رسوخ کو استعمال کرے اور فی الفور ان حملوں کو بند کروانے کے لیے اقدامات کرے۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہم امت مسلمہ کے تمام ممالک سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ اپنے آپسی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے اسرائیل کی سفاکیت کے خلاف متحد ہوکر ایک ایسا لائحہ عمل وضع کریں، جس سے فلسطینیوں کو آئے روز کی اس منظم صہیونی دہشتگردی سے نجات مل سکے۔ اسلامی کانفرنس یعنی او آئی سی جو کہ تمام مسلمانوں کا نمائندہ پلیٹ فارم ہے، اس دہشت گردی و بربریت کو روکنے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرکے اقدامات کرے۔ ہم اقوام عالم سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے بارے میں اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے فی الفور ان جارحانہ کارروائیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ملی یکجہتی کونسل مغربی ممالک بالخصوص امریکہ، برطانیہ، فرانس اور جرمنی سے تقاضا کرتی ہے کہ وہ اس غاصب صہیونی ریاست کی سرپرستی کو چھوڑ کر انسانی حقوق کے ساتھ اپنی عملی وابستگی کا اظہار کریں۔ ہم تقاضا کرتے ہیں کہ فی الفور غزہ کا محاصرہ ختم کیا جائے، وہاں جاری فضائی اور زمینی حملوں کو بند کیا جائے اور اقوام متحدہ کے تحت ایک کمیشن ترتیب دیا جائے، جو غزہ میں صیہونی ریاست کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی تحقیق کرے۔

رہنماوں نے مزید کہا کہ ہم تقاضا کرتے ہیں کہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے اسرائیل کو اسلحے کی ترسیل بند کرنے کے مطالبے پر عمل درآمد کیا جائے، تاکہ اس غاصب ریاست کو اس کی جارحانہ کارروائیوں سے روکا جاسکے۔ یہ اجلاس جہاں سدیروت میں فضائی بمباری کا تماشہ کرنے والے یہودیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، وہیں برطانیہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج یہودیوں اور رابیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ملک کی مذہبی تنظیموں کا یہ اتحاد آئندہ جمعہ یعنی 18 جولائی کو اسرائیل کے خلاف یوم مذمت منانے کا اعلان کرتا ہے اور تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس روز غاصب صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ ہم حکومت پاکستان اور ملک کی دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اسرائیل کے خلاف یوم مذمت میں بھرپور شرکت کا اعلان کریں۔ ہم تقاضا کرتے ہیں کہ ملک کی پارلیمنٹ اسرائیلی جارحیت کے خلاف مشترکہ قرارداد پیش کرے نیز حکومت او آئی سی کو متحرک کرنے کے لیے بھی اپنا کردار کرے۔ ہم تقاضا کرتے ہیں کہ وہ مسلمان ممالک جن کے غاصب صہیونی ریاست سے سفارتی تعلقات ہیں، اسلامی غیرت اور انسانی حمیت کا ثبوت دیتے ہوئے اس سے اپنے تعلقات کو ختم کریں۔ اپنے ممالک سے اسرائیلی سفراء کو نکالیں نیز اپنے سفراء کو فوراً واپس بلوائیں۔ ہماری نظر میں اس عمل کے، جارح ریاست پر فوری اثرات مرتب ہوں گے۔ ہم عالمی سطح پر جمعۃ الوداع کے موقع پر منائے جانے والے یوم القدس کو پاکستان بھر میں مل کر منانے کا اعلان کرتے ہیں اور حکومت نیز تمام ملکی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس روز فلسطینیوں کے حقوق کی بازیابی اور ان سے اظہار یکجہتی نیز قبلہ اول کی آزادی کے لئے مل کر آواز بلند کریں۔
خبر کا کوڈ : 399442
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش