0
Tuesday 5 Aug 2014 22:27
حکومت گرانا اور انقلاب لانا مقدس جہاد ہے

اہل حق جانوں پر کھیل کر انقلاب لائیں گے، صاحبزادہ حامد رضا

اہل حق جانوں پر کھیل کر انقلاب لائیں گے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ انقلاب مارچ کے دوران پسپائی اور رسوائی حکمرانوں کا مقدر بنے گی۔ انقلاب کے نتیجے میں حکام جیلوں میں اور عوام اقتدار میں ہوں گے۔ عوام کی تقدیر بدلنے کے لیے سروں پر کفن باندھ کر نکلیں گے اور عوامی انقلاب برپا ہونے تک واپس نہیں آئیں گے۔ حکومت گرانا اور انقلاب لانا مقدس جہاد ہے۔ پوری قوم اپنے حقوق کے لیے اس جہاد میں شریک ہوجائے۔ موجودہ نظام مراعات یافتہ طبقے کا محافظ بنا ہوا ہے۔ جمہوریت کے نام پر ظالمانہ استحصالی نظام اور کرپٹ نظام ملک پر مسلط ہے۔ اب حکومت کے خلاف عوامی غیض و غضب سرخ نشان تک آپہنچا ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو ذلت اور اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔ ہماری جدوجہد چہروں نہیں نظام کی تبدیلی کے لیے ہے۔ حکومت نے طاقت کا استعمال کیا تو حالات کی خرابی کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی۔ حکومت پرامن جمہوری انقلاب مارچ میں رکاوٹیں ڈالنے سے باز رہے۔ سنی اتحاد کونسل جرأت اور قوّت سے طاہرالقادری کا ساتھ دے گی۔ سٹیٹس کو کی حامی قوتیں انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ اہل حق جانوں پر کھیل کر انقلاب لائیں گے۔ انقلاب سے عوام کو فائدہ اور حکام کو نقصان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انقلاب مارچ کی تیاریوں کے سلسلہ میں لاہور، فیصل آباد، سمندری اور گوجرانوالہ سمیت مختلف شہروں میں کارکنوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ گرفتاریوں اور چھاپوں سے کارکنان کا عزم کمزور نہیں ہوگا۔ انقلاب مارچ سے جمہوریت نہیں حکومت کو خطرہ ہے۔ انقلاب کے نتیجے میں عوام کو آدم خور نظام سے نجات ملے گی۔ حکومت نے قوم کو ڈاکوں، دھماکوں اور فاقوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ عوام خاندانی بادشاہت کے پرخچے اڑانے کے لیے بے تاب ہیں۔ جعلی حکومت اور جعلی نظام کے خاتمے سے حقیقی عوامی جمہوریت آئے گی۔ دھن، دھونس اور دھاندلی کا موجودہ نظام صرف اشرافیہ کو تحفظ دیتا ہے۔ موجودہ حکومت کے 14 ماہ میں عوام کا ایک مسئلہ بھی حل نہیں ہوا۔ حکمرانوں نے عوام کو سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ حکومت کو عوامی حمایت حاصل نہیں ہے۔ وزراء ’’زبانی لاٹھی چارج‘‘ سے عوام کو مشتعل کر رہے ہیں۔ سانحۂ لاہور کے شہداء کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ شہداء کے لہو کے ایک ایک قطرے کا حساب اور جواب لیں گے۔ موجودہ نظام عوام کو قانونی، سماجی اور معاشی عدل و انصاف فراہم نہیں کرسکا۔ وزراء کو بونگیاں مارنے کے سوا کوئی کام نہیں آتا۔ وزراء کے بچگانہ بیانات حکومتی مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں۔ جھوٹے مقدمات سے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔ انقلاب مارچ کے دوران سانحۂ لاہور کو دہرایا گیا تو اس کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔ حکومتی جبر سے پرامن انقلاب کا راستہ روکنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 403260
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش