0
Tuesday 5 Aug 2014 21:12
یوم انقلاب کا اعلان 10 اگست کے بعد کرینگے

31 اگست سے پہلے حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری

کوئٹہ میں ہزارہ، پارا چنار اور گلگت میں شیعہ نسل کشی میں موجودہ حکمران ملوث ہیں
31 اگست سے پہلے حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہوجائے گا، ڈاکٹر طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ شریف برادران اتنا ہی ظلم کریں جس کو وہ خود برداشت کر سکیں اور جس قانون کے تحت ہمارے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، وہ تمام مقدمات یوم انقلاب کے بعد ان کے لئے تیار ہوں گے۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں چوہدری برادران سمیت دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرس کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمران اداروں، پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں، وہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ اس ملک میں کون سا ادارہ باقی رہ گیا ہے۔ کس ادارے پر سیاسی اثر نہیں، ایسا کون سا ادارہ ہے جو ملک کے آئین، قانون اور عوام کے حقوق کا محافط ہے، جہاں لوگوں کی بات کو سنا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یوم شہداء کو لوگ شہداء لاہور کے ایصال ثواب کے لئے آ رہے ہیں اور یہ دن اس قدر پر امن ہوگا کہ ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹے گا، لیکن حکمران اب خود ہی فتنہ پیدا کر رہے ہیں۔ مختلف اضلاع میں مقامی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز سے 8 اگست سے قبل ان کی گاڑیاں جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے اور بعض مقامات پر تو ٹرانسپورٹرز سے پیشگی لئے گئے پیسے واپس کرائے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لواحقین ڈیڑھ ماہ سے 14 شہیدوں کا پرچہ درج کرانے کے لئے عدالتوں کے دھکے کھا رہے ہیں اور وہ ہم پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج کرانا چاہتے ہیں، شریف برادران سن لیں کہ وہ اتنا ہی ظلم کریں جس کا جواب برداشت کرسکیں۔ جس قانون کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے وہ تمام دفعات یوم انقلاب کے بعد ان کے لئے تیار ہوں گی۔ انہیں معلوم ہے کہ ان میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ اپنے کئے مظالم کے محاسبے کا سامنے کرسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف برادران پہلے بھی پرویز مشرف کے قدموں میں گر گئے تھے اور معافیاں مانگ کر ملک چھوڑ گئے تھے لیکن اب پرویز مشرف نہیں عوام ہوں گے، جو انہیں ملک سے باہر جانے کا موقع نہیں دیں گے اور انہیں ایک ایک لاش کا بدلہ دینا ہوگا۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ہمارے بھائی ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ وہ مستقبل میں پچھتائیں کیونکہ حکمران تو انہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی نہیں بچا رہے۔ آئی جی پنجاب سمیت تمام پولیس اہلکار سن لیں کہ وہ وہ شریف برادران کے نہیں ریاست پاکستان کے ملازم ہیں۔ یہ حکمران 4 دن کے مہمان ہیں، 31 اگست سے پہلے یہ اس ملک کے حکمران نہیں رہیں گے، 10 اگست کو یوم شہداء منایا جائے گا اور پھر باہمی گفت و شنید کے بعد یوم انقلاب کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بعض وزراء و مشیر سرعام کہتے ہیں کہ سانحہ لاہور میں بے گناہوں کے قتل عام کا حکم شہباز شریف نے دیا تھا لیکن انہیں قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے، یہی وزیر اور مشیر ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ان ظالم حکمرانوں سے ایک ایک قتل کا حساب لیں گے، یہ قاتل حکمران تفتان سرحد سے آنے والے زائرین، کوئٹہ کے ہزارہ برادری، پارا چنار اور گلگت بلتستان میں شیعہ نسل کشی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں اور مومنوں کے یہ قاتل ہیں۔ کراچی میں قتل و غارت بھی انہیں کے دم سے ہے، انقلاب کے بعد ایک ایک قتل کا قصاص وصول کیا جائے گا اور ہم ان حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا اقتدار بہت جلد ختم ہونے والا ہے اور ان کے نام ای سی ایل میں شامل کرکے انہیں عوامی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں انکے مستقبل کا فیصلہ عوام کی عدالت کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 403247
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش