0
Thursday 14 Aug 2014 03:28
دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں

شہداء ہمارے محسن ہیں، قوم شہیدوں اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، نواز شریف

فلسطین میں اسرائیلی مظالم عالمی برادری کیلئے لمحہ فکریہ ہیں
شہداء ہمارے محسن ہیں، قوم شہیدوں اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ قوم شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں سے آگاہ ہے، ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے پاؤں اپنے جگر گوشوں کو قربان کرتے ہوئے نہیں ڈگمگاتے، قوم کا ہر فرزند ہماری دعاؤں میں شامل ہے، ایف سی، رینجرز، پولیس، سکیورٹی ایجنسیز اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کا لہو بھی جنگ کا حصہ ہے، یہ شہداء ہمارے محسن ہیں جنھوں نے عوام کیلئے اپنی زندگیاں نچھاور کر دیں، مسلح افواج نے اس فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کیا جو کامیابی سے جاری ہے، یوم آزادی کی نئی صبح کا استقبال کرتے ہوئے ضرب عضب کا ذکر کرنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کی شب پارلیمنٹ ہائوس کے احاطے میں منعقدہ جشن آزادی پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلح افواج کے سربراہان، قومی سیاسی رہنما، وفاقی وزرا اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، ہم اپنی سرحدوں پر بھی پائیدار امن چاہتے ہیں، آئین اور قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے تسلسل پر آنچ نہیں آنے دینگے، کسی بھی آئی ڈی پی کو بے گھر اور بے آسرا نہیں چھوڑیں گے، آپریشن زدہ علاقوں میں صورتحال بہتر ہوتے ہی آئی ڈی پیز کو واپس بھیجا جائیگا، بےگھر افراد کے ساتھ اظہار یکجہتی جشن آزادی کے پروگرام کا حصہ ہے، ضرب عضب کے باعث بے گھر افراد ہمارے محسن ہیں، قوم شہیدوں اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
بطور وزیراعظم یقین دلاتا ہوں کہ انھیں کسی بھی مرحلے پر تنہا نہیں چھوڑینگے، قوم کو اپنی ذمے داریوں کا احساس ہے، یقین دلانا چاہتا ہوں کہ قوم شہیدوں اور غازیوں کی قربانیوں سے آگاہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے کئی منصوبوں پر کام شروع ہو رہا ہے، بہادر اور غیور عوام سے کہتا ہوں کہ وطن عزیز کی خدمت کے لیے تیار ہوجائیں، آئی ایس پی آر کے پیش کردہ پروگرام نے متاثر کیا ہے، فضائیہ اور ایوی ایشن کے ہنرمندوں اور پریڈ میں شریک افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، پاکستان فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی پُرزور مذمت کرتا ہے، فلسطین میں اسرائیلی مظالم عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، اقوام متحدہ جیسے ادارے یہ حملے نہ روک سکیں تو ان پر سے اعتماد اٹھ جائیگا، پاکستان کی حفاظت کے لیے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی نچھاور کردینگے، پاکستان ہماری رگوں میں لہو کی طرح دوڑتا ہے، مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل چاہتے ہیں، ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 404686
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش