0
Tuesday 19 Aug 2014 10:54

عمران اور قادری نے فلسطینیوں کی حمایت میں ایک لفظ تک نہیں کہا، عبدالرشید ترابی

عمران اور قادری نے فلسطینیوں کی حمایت میں ایک لفظ تک نہیں کہا، عبدالرشید ترابی

اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و کنوینئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ہندوستان ایک منظم سازش کے تحت مسلمانوں کی نسل کشی کر رہے ہیں جس کے خلاف او آئی سی جہاد کا اعلان کرے۔ عمران خان اور طاہرالقادری نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے ایک لفظ ادا نہیں کیا جو باعث تشویش ہے۔ جماعت اسلامی نے کراچی میں لاکھوں لوگوں کو جمع کر کے ملت پاکستان کی نمائندگی کی جو قابل تحسین ہے۔ طاہر القادری نے گلگت بلتستان کو علیحدہ کرنے کی بات کر کے ریاست کی تقسیم کا ایجنڈا پیش کیا جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جماعت اسلامی ضلع باغ کے زیراہتمام یوم یکجہتی فلسطین کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم، جمعیت علماء اسلام جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل مولانا امتیاز صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ 

انھوں نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ کے سامنے اجتماعی موقف پیش کریں۔ اگر اقوام متحدہ مسلم دشمنی کا ثبوت دیتی ہے تو اس مسلم دشمن ادارے کا ممبر رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ تمام اسلامی ممالک اس ادارے سے نکل آئیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے اسلامی ممالک کے حکمران اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فعال کردار ادا کریں، دشمنوں کے آلہ کار بننے کی بجائے اپنے عوام کے دکھوں کا مداوا کریں۔ 

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے کہا کہ او آئی سی کو موثر اور فعال بنانے کے لیے پاکستان قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان کے آئین کی دفعہ 62،63 کو مذاق نہ بنایا جاتا تو پارلیمنٹ میں سفید پوش اور صاحب کردار لوگوں کا داخلہ ممنوع نہ ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ آئینی اصلاحات کر کے دفعہ 62،63 کے مطابق محب وطن اور صاحب کردار لوگوں کو پارلیمنٹ میں لایا جائے تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔

خبر کا کوڈ : 405505
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش