0
Monday 8 Sep 2014 15:37

سندھ پولیس پر عائد 23 سالہ درآمدی پابندی کرپشن کے باعث ختم نہ کرائی جا سکی

سندھ پولیس پر عائد 23 سالہ درآمدی پابندی کرپشن کے باعث ختم نہ کرائی جا سکی
اسلام ٹائمز۔ کرپشن کے دروازے بند ہونے کے خطرے کے پیش نظر سندھ پولیس 23 برس سے اپنے اوپر عائد درآمدی پابندی ختم کرانے میں عدم دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے جس کی وجہ سے تمام درآمدات تھرڈ پارٹی کے ذریعے کرنا پڑتی ہے، تھرڈ پارٹی درآمدات کے باعث مبینہ طور پر اب تک کروڑوں روپے کرپشن کی نذر ہوگئے، محکمہ کسٹمز کے محض ساڑھے 8 کروڑ روپے کی ادائیگی وجہ تنازع بن گئی، پابندی کے باعث عالمی سطح پر بھی سندھ پولیس بدنام ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ جام صادق علی کے دور میں سندھ پولیس کے لئے ہیلی کاپٹر، اسلحہ اور دیگر سامان بیرون ملک سے درآمد کیا گیا تھا۔ سندھ پولیس کے ایک سینئر افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذکورہ درآمدات پر عائد ڈیوٹی کے بارے میں اس وقت کی صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان طے ہوا تھا کہ ڈیوٹی وفاقی حکومت ادا کرے گی لیکن کچھ چند ناگزیر وجوہات کی بنا پر وفاقی حکومت نے ادائیگی نہیں کی جبکہ سندھ حکومت نے بھی ادائیگی سے انکار کیا، ڈیوٹی ادا نہ کرنے کی وجہ سے محکمہ کسٹمز نے سندھ پولیس کو بلیک لسٹ کر دیا۔ سینئر افسر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 23 برس میں ڈیوٹی کی رقم اب مختلف جرمانے عائد ہونے کے بعد ساڑھے 8 کروڑ روپے تک جا پہنچی ہے، محکمہ کسٹمز کی جانب سے سندھ پولیس کو سیکڑوں مرتبہ مکتوب لکھے گئے لیکن سندھ پولیس کے کانوں پر جوں نہ رینگی۔
 
پابندی کے بعد سے سندھ پولیس اب اپنے نام سے کوئی بھی چیز درآمد کرنے سے قاصر ہے جس کے باعث اب تھرڈ پارٹی کے ذریعے تمام تر درآمدات کی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 23 برس میں اب تک درآمدات میں مبینہ طور پر کروڑوں روپے کرپشن کی نذر ہو چکے ہیں اور افسران اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں، 23 برس کے دوران سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام نے درآمدات پر عائد پابندی ختم کرانے میں کسی بھی قسم کی دلچسپی نہیں دکھائی۔ ذرائع نے بتایا کہ درآمدات پر عائد پابندی محض ساڑھے 8 کروڑ روپے کی ادائیگی سے ختم کی جا سکتی ہے لیکن اعلیٰ حکام جان بوجھ کر اس اقدام سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ اگر انھوں نے ایسا کیا تو پھر تھرڈ پارٹی کے ذریعے جو کرپشن کی جاتی ہے اس کے دروازے بند ہو جائیں گے، اس سلسلے میں تمام افسران یک زبان ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مذکورہ مسئلہ حل کر لیا جائے تو نہ صرف سندھ پولیس خود درآمدات کرنے کے قابل ہوجائے گی بلکہ عالمی سطح پر لگا بدنامی کا داغ بھی دھل جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 408772
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش