0
Sunday 21 Sep 2014 10:50

تحریک انصاف آج کراچی میں میدان سجائے گی، تیاریاں مکمل

تحریک انصاف آج کراچی میں میدان سجائے گی، تیاریاں مکمل
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف آج کراچی میں میدان سجا رہی ہے، چیئرمین عمران خان کو بھی شہر قائد کے باسیوں سے بہت امیدیں ہیں۔ تصیلات کے مطابق کراچی میں پی ٹی آئی کی جلسے کی جگہ باغِ مزارِ قائد میں رات گئے ہی لوگوں کا تانتہ بندھ گیا۔ بوڑھے بچے جوان سب ہي کپتان سے یکجہتی کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ کراچی میں پی ٹی آئی کے تاریخی جلسے کے لئے انتظامات بھی تاریخی کئے گئے ہیں۔ کپتان کی آواز لوگوں تک پہنچانے کے لئے جدید ساؤنڈ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنماء کراچی جلسے میں لاکھوں لوگوں کی آمد کی توقع کر رہے ہیں، اسی لئے آس پاس کی سڑکوں پر بھی اسکرینز لگانے کی اجازت لے لی گئی ہے۔ دوسری جانب جلسے میں ٹی شرٹس اور جھنڈے بیچنے والوں کی بھی خوب کمائی ہو رہی ہے۔ عمران کے پیغام والی ٹی شرٹس لوگ دھڑا دھڑ خرید رہے ہیں اور فروخت کرنے والے خوب کما رہے ہیں۔

آج کراچی میں ہونے والے جلسے کے سلسلے میں کراچی میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ نے ریلی بھی نکالی، جس کے شرکاء جہاں کپتان کو خوش آمدید کہنے کے لئے بے چین دکھائی دیئے، وہیں نواز حکومت کے خلاف نعرے بھی لگاتے رہے۔ گو نواز گو کے نعرے لگاتے تحریک انصاف کے ٹائیگرز رات سے ہی میدان میں نکل آئے اور دھرنے کا پیغام عام کرنے کے لئے یوتھ ونگ کی جانب سے گلشن اقبال سے موٹر سائیکلوں پر ریلی نکالی گئی جس میں پرجوش نوجوانوں کے ساتھ بچے اور خواتین بھی بڑی تعداد میں شریک تھیں۔ موٹر سائیکل ریلی کے شرکاء نیپا چورنگی، مسکن چورنگی، گلستان جوہر، اسٹیڈیم روڈ اور بہادرآباد سے ہوتے ہوئے مزار قائد پہنچے۔


کراچی جلسے کے حوالے سے عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور کراچی والے ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا قوم حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے، بہت بڑی تبدیلی آ رہی ہے، ہر خواب کی تعبیر ہو سکتی ہے۔ کپتان نے اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچي والے تیار ہو جائیں، کپتان آ رہا ہے۔ تحریک انصاف کے قائد نے کہا کہ دو جماعتوں کی نورا کشتی دیکھ کر سیاست کے میدان میں قدم رکھا۔ کپتان کا کہنا تھا کہ جہاں لوگ حقوق جانتے ہیں وہاں کوئی من مانی نہیں کرسکتا۔ کراچی میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ٹی آئی کا تاریخی اجتماع ہوگا۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام زیادہ سے زیادہ تعداد میں شریک ہوں۔ اسد عمر نے اعلان کیا کہ کپتان اکیلے نہیں پوری ٹیم میدان میں اترے گی۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کا کراچی دھرنا تاریخی ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 410805
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش