0
Friday 26 Sep 2014 13:23

پاکستان کا ملٹی ٹیوب میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ

پاکستان کا ملٹی ٹیوب میزائل حتف 9 نصر کا کامیاب تجربہ
اسلام ٹائمز۔ اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن نے زمین سے زمین پر مارکرنے والے ملٹی ٹیوب میزائل حتف 9 نَصْر کا کامیاب تجربہ کیا ہے، ایٹمی صلاحیت کا حامل نَصْر میزائل 60 کلومیٹرتک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تجربے میں چارمیزائل ایک جدید ملٹی ٹیوب لانچر سے یکے بعد دیگرے Salvo Mode میں لانچ کیے گئے۔ ایٹمی صلاحیت کا حامل نَصْر میزائل 60 کلومیٹر تک انتہا ئی درستگی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے کے علاوہ مار اور فرار کی خصوصی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ یہ برق رفتار میزائل سسٹم ٹیکٹیکل اور آپریشنل سطح پر درپیش تمام خطرات کے خلاف موثر ہتھیار ثابت ہو گا۔ چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود ، ڈائریکٹر جنرل اسٹرٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر اے، ایس، ایف،سی لیفٹیننٹ جنرل عبید اللہ خان، چیئر مین نیسکام محمد عرفان برنی، اسٹرٹیجک فورسز کے سینئر افسران اور ا سٹرٹیجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئروں نے کامیاب ٹیسٹ فائر کا مظاہرہ دیکھا۔ نَصْر میزائل کے تجربہ کے موقع پرچیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے تمام سائنسدانوں اور انجینئرزکو خطے میں امن کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے تمام متعلقہ افراد کی فنی صلاحیتوں کو سراہا جن کی بدولت آج کا تجربہ کامیاب رہا۔ انہوں نے پاکستان کے اسٹرٹیجک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور مسلح افواج کی دفاع وطن کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ظاہر کیا۔آج کے کامیاب تجربے کو صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی سراہتے ہوئے تما م سائنسدانوں اور مشقوں میں حصہ لینے والی سپاہ کو اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 411724
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب