0
Wednesday 12 Nov 2014 19:35

بھارت، دس میں سے چھ مرد بیویوں کو پیٹتے ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ

بھارت، دس میں سے چھ مرد بیویوں کو پیٹتے ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں ہر دس میں چھ مرد اپنی بیوی یا پھر خاتون دوست کو پیٹتے ہیں، اقوام متحدہ کے ورلڈ پاپولیشن فنڈ اور واشنگٹن میں واقع انٹریشنل سینٹر فار ریسرچ آن ویمن کی ایک مشترکہ تحقیق کے دوران دس میں سے چھ بھارتی مردوں نے اس حقیقت کو تسلیم کیا، بی بی سی کے مطابق اس تحقیق کے دوران بھارت کی سات ریاستوں میں 18 سے 49 سال کی عمر کے 9205 مرد شامل ہوئے، اس رپورٹ میں یہ سامنے آیا کہ جن مردوں نے اپنے بچپن میں کسی قسم کے تعصب کا سامنا کیا تھا یا پھر جنھیں مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، وہ خواتین کے بارے میں زیادہ متشدد انداز رکھتے ہیں، رپورٹ کے مطابق خود اپنی زندگی میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنے والے مرد اپنی ساتھی خواتین کے ساتھ چار گنا زیادہ پرتشدد رویہ اپناتے ہیں، اس تحقیق میں بھارت کی ریاست اترپردیش، راجستھان، پنجاب، ہریانہ، اڑیسہ، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹر کو شامل کیا گیا، بھارت میں جرائم کا ریکارڈ رکھنے والے ادارے کے مطابق 2013ء میں ہندوستان میں خواتین کے خلاف جتنے جرائم ہوئے ان میں 38 فیصد خواتین اپنے شوہر اور ان کے رشتہ داروں کی بے رحمی کا شکار ہوئیں، اس کے علاوہ یہ بھی معلوم ہوا کہ خواتین کی بڑی تعداد گھریلو تشدد کے بارے میں پولیس کو شکایت نہیں کرتی ہیں، اس تحقیق میں 3158 خواتین بھی شامل تھیں اور ان میں سے نصف سے زائد نے تسلیم کیا کہ انھیں تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہے، ان خواتین کو زیادہ تر جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس میں تھپڑ مارنے، دھمکانے، گلا دبانے اور جھلسانے جیسے تشدد کا سامنا کرنا پڑا ہے، رپورٹ کے مطابق خواتین کو اس کے علاوہ جذباتی، جنسی اور معاشی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بی بی سی کے مطابق بھارت میں 2003ء میں گھریلو تشدد کے 50,703 کیس رپورٹ ہوئے تھے جو 2013ء میں بڑھ کر 118,866 تک پہنچ گئے ہیں جو دس برسوں میں 134 فیصد اضافہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 419191
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش