0
Wednesday 26 Nov 2014 19:12

ملک کو طالبان سے خطرہ ہے، عمران خان اس وقت ملک میں ماڈرن طالبان بنے ہوئے ہیں، شرجیل میمن

ملک کو طالبان سے خطرہ ہے، عمران خان اس وقت ملک میں ماڈرن طالبان بنے ہوئے ہیں، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ملک کو طالبان سے خطرہ ہے اور عمران خان اس وقت ملک میں ماڈرن طالبان بنے ہوئے ہیں۔ ان کا اور طالبان کا ایجنڈہ ایک ہی ہے کہ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کیا جائے۔ سابقہ تین وزراء اعلیٰ کی پریس کانفرنس اور ان کے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو نہ کبھی ماضی میں کوئی فرق پڑا تھا اور نہ اب پڑے گا۔ کراچی ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کا تھا، اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گا۔ کراچی میں پیپلز پارٹی کے دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور ان ترقیاتی کاموں کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید بینظیر بھٹو اور بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری نے ڈالی ہے اور اب بھی پیپلز پارٹی کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر ان ترقیاتی کاموں کا سفر جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ویسٹ میں منگھوپیر، کنواری کالونی اور اطراف کی آبادیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ساڑھے 9 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کی گئی واٹر اسکیم اور ’’ شہید مجیب الرحمان واٹر پمپنگ اسٹیشن ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی، ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے ایڈمنسٹریٹر اور میونسپل کمیشنر، پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر ندیم بھٹو، جنرل سیکرٹری صدیق اکبر، سٹی ایریا کے قائم مقام صدر ہارون رشید کے علاوہ پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے ذمہ داران اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنوں اور جیالوں کی عزت کی ہے اور وہ نہایت قدر سے اپنے جیالوں کی قربانیوں کو یاد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھ سمیت جتنے بھی وزراء اور دیگر عہدیداران اپنے اپنے منصب پر موجود ہیں وہ ان کارکنوں کی جدوجہد اور کاوشوں کی مرہون منت ہے۔ شرجیل میمن نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ماضی میں کراچی کے دور دراز علاقوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے محروم رکھا جاتا رہا لیکن پیپلز پارٹی نے اب کراچی ہو یا تھرپارکر جیسا پسماندہ علاقہ وہاں کے عوام کو پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جو بیڑہ اٹھایا ہے اسی سلسلے کی ایک کڑی آج کی اس کنواری کالونی میں 12 سے زائد علاقوں جن میں میانوالی کالونی، اسلامیہ کالونی، کرسچن محلہ، لاشی محلہ، مگسی محلہ، کٹی پہاڑی سمیت دیگر علاقوں کے تین لاکھ سے زائد مکینوں کو پینے کا صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کو مکمل کیا گیا ہے، جس پر تقریباً ساڑھے نو کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح پیپلز پارٹی کی موجودہ حکومت نے تھرپارکر سمیت دیگر پسماندہ علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں آر او پلانٹس کی تنصیب کا کام شروع کردیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کراچی کے عوام کو جلد ایک بڑی خوشخبری شارع فیصل پر ٹریفک کے دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے ایلی ویٹیڈ سڑک کی تعمیر کے آغاز کی دیں گے اور اس منصوبے کا بھی جلد افتتاح کردیا جائے گا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور اقتدار میں کراچی سمیت سندھ بھر میں جتنے ترقیاتی ریکارڈ کام ہوئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو کل بھی اوون کرتے تھے اور آج بھی اور آئندہ بھی اوون کرتے رہیں گے کیونکہ یہ کل بھی پیپلز پارٹی کا تھا آج بھی اور کل بھی رہے گا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اس وقت ملک کو سب سے بڑا خطرہ طالبان سے ہے اور عمران خان اس وقت ماڈرن طالبان بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروپر طالبان اور عمران خان جیسے ماڈرن طالبان کا ایک ہی ایجنڈہ ہے کہ ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل کیا جائے لیکن ہم انشاء اللہ ان کے اس ناپاک عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے خلاف 10 جماعتی گرینڈ الائنس بنا تھا اور اس میں وہی پارٹیاں شامل تھیں، جن میں کچھ سابق وزراء اعلیٰ نے گذشتہ روز پیپلز پارٹی کے خلاف الائنس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان میں کچھ لوگ پیپلز پارٹی میں آنے کے لئے کوشیش کررہے ہیں لیکن انہیں پارٹی میں شامل نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الائنسوں سے پیپلز پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ 2013ء کے انتخابات میں عوام نے پیپلز پارٹی کو کلین سوئپ فتح دلوا کر ثابت کردیا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے اور جو لوگ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں انہیں کسی صورت کامیابی نہیں ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 421504
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش