0
Thursday 4 Dec 2014 18:35

جسٹس سردار محمد رضا خان چیف الیکشن کمشنر مقرر، صدر نے منظوری دیدی

جسٹس سردار محمد رضا خان چیف الیکشن کمشنر مقرر، صدر نے منظوری دیدی
اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر جسٹس سردار محمد رضا خان کو چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے کی سمری منظور کرلی ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر رفیق رجوانہ کی قیادت میں پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا، 12 رکنی کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے علاوہ ایم کیو ایم، اے این پی، مسلم لیگ (ض) اور تحریک انصاف کے ارکان بھی شامل ہیں تاہم تحریک انصاف کے شہریار آفریدی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے ارکان جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز، جسٹس ریٹائرڈ تنویر احمد خان اور جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا کے ناموں پر غور کیا گیا تاہم کمیٹی کے ارکان نے سردار محمد رضا خان کے نام پر اتفاق کرلیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا کہ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے اسلام الدین شیخ نے سردار محمد خان کا نام تجویز کیا جس پر تمام جماعتوں کے ارکان نے اتفاق کیا۔ ہمیں اپنے اس متفقہ فیصلے پر فخر ہے، وہ امید کرتے ہیں کہ نئے چیف الیکشن کمشنر ملک میں منصفانہ انتخابات کا انعقاد کرائیں گے۔ بعد ازاں پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے وزیر اعظم ہاؤس کو سردار محمد رضا خان کی بطور چیف الیکشن کمیشن نامزدگی کے بارے میں تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا۔ جس کے بعد سمری ایوان صدر بھجوائی گئی جہاں صدر ممنون حسین نے بھی ان کی تقرری کی منظوری دے دی ہے، نئے چیف الیکشن کمشنر کل اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے، وہ سپریم کورٹ کے جج بھی رہے ہیں تاہم اس وقت وہ وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 423333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش