0
Tuesday 16 Dec 2014 10:08

افغانستان میں فورسز کا آپریشن، 41 طالبان ہلاک

افغانستان میں فورسز کا آپریشن، 41 طالبان ہلاک
اسلام ٹائمز۔ افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کے آپریشن، جھڑپوں اور دھماکا خیزمواد پھٹنے سے ۵ خودکش حملہ آوروں سمیت ۴۱طالبان جنگجو ہلاک اور۵۰ زخمی ہوگئے جبکہ طالبان کے حملوں میں ۶ پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے، دوسری جانب افغان انٹیلی جنس نے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔ پیر کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت داخلہ سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان نیشنل پولیس، آرمی اور انٹیلی جنس نے گزشتہ ۲۴ گھنٹوں میں مشترکہ طور پر انسداد دہشت گردی آپریشن صوبہ غزنی، خوست، سرائے پل، بدخشان، ننگرہار، قندھار اور فریاب میں کیا گیا جس میں ۲۲ جنگجو مارے گئے جبکہ ۲۸ زخمی ہوئے۔ مختلف اقسام کے ہتھیار اور بارودی مواد جس میں دیسی ساختہ بم ڈیوائسز بھی شامل ہیں قبضے میں لے لیا گیا۔ ادھر مشرقی صوبہ کنٹر میں افغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ۱۲ طالبان ہلاک اور ۲۲ زخمی ہو گئے۔

صوبائی پولیس کے سربراہ عبدالحبیب سید خیل نے بتایا ہے کہ جھڑپ ضلع دنگام میں گزشتہ رات گئے شروع ہوئی جب سینکڑوں کی تعداد میں طالبان نے حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے طالبان کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔ جھڑپ میں ۲ شہری اور ۲ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں کا تعلق پاکستان سے ہے تاہم افغان طالبان نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

دوسری جانب صوبہ ننگرہار میں طالبان کے افغان پولیس کی چیک پوسٹ پر حملے میں ۴ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ ۴حملہ آور بھی مارے گئے۔ صوبائی پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرق وال کا کہنا ہے کہ طالبان کے ایک گروپ نے ضلع چھپرہار کے علاقے گوہوربند میں پولیس چیک پوائنٹ پرحملہ کیا۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ ننگرہار کے ضلع چھپرہار کے علاقے گوہرآبیک میں دھماکا خیز مواد پھٹنے سے ۵ خودکش حملہ آور اپنے ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہو گئے۔

ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے پکتیکا کے ضلع زرمت میں آپریشن کے دوران دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی اور ۳ خودکش جیکٹس بھی برآمد کی ہیں۔ ادھر افغان صوبہ پکتیکا سے شدت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے کمانڈر کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار کمانڈر کی شناخت قاری امنداللہ کے نام سے ہوئی ہے جو قاری خالد کے نام سے بھی مشہور ہے۔ ایک مقامی سکیورٹی ذرائع نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ داعش کمانڈر کو افغان انٹیلی جنس نے مقابلے کے بعد گرفتار کیا جو ۱۵ منٹ تک جاری رہا۔
خبر کا کوڈ : 425956
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش