0
Friday 26 Dec 2014 18:04

اسکردو، روندو کے کئی بالائی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے جاری

اسکردو، روندو کے کئی بالائی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے وقفے وقفے سے جاری
اسلام ٹائمز۔ بلتستان کے سب ڈویژن روندو کے کئی بالائی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جا رہے ہیں پچھلے تین روز سے جاری وقفے وقفے سے لگنے والے جھٹکوں کے باعث بالائی علاقے تلو، تلو بروق اور گنجی سمیت دیگر کئی گاؤں میں شدید خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق متاثرہ علاقوں کے لوگ زلزلے کے جھٹکوں اور خوفناک آوازوں سے گھبرا کر شدید سردی کے باوجود گھروں سے باہر کھلے میدانوں میں رہنے پر مجبور ہیں جہاں منفی 10 سینٹی گریڈ تک کی خون کو جما دینے والی سردی میں لوگ خاص طور پر عمررسیدہ افراد اور بچے تکلیف دہ صورتحال سے دوچار ہیں۔ ایک طرف وقفے وقفے سے محسوس کئے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں کی پریشانی کے علاوہ شدید سردی کے باعث موسمی بیماریوں کی وجہ سے بھی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں پچھلے ڈیڑھ سے دو سال سے مخصوص نوعیت کے زلزلے کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جو وقفے وقفے سے تا حال جاری ہے کئی ماہ قبل شدت کے ساتھ زلزلے کے جھٹکوں سے کئی رہائشی مکانات منہدم ہو گئے تھے جبکہ کئی سرکاری سکولوں اور مساجد بھی شدید متاثر ہوئے تھے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز سے شروع ہونے والے زلزلے کے جھٹکوں کا سلسلہ آج چوتھے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں لگ بھگ اڑھائی سے تین ہزار کی آبادی خطرات کی زد میں ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ زلزے کی اطلاع مقامی انتظامیہ کو دی گئی ہے تاہم ابھی تک سوائے طفل تسلیوں اور نقصانات کے انتظار کرنے کے کچھ نہیں کیا جا رہا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پچھلی مرتبہ اعلٰی انتظامی اور متعلقہ سرکاری حکام نے علاقے میں جیالوجیکل سروے کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے اسباب اور وجوہات معلوم کرنے سمیت متاثرہ علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر آباد کاری کے لیے منصوبوں کے اعلانات کئے تھے مگر تاحال ان پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اب ایک بار پھر شدید سردی میں مقامی لوگ زلزلے کے خوف سے کھلے آسماں تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔ متاثرہ علاقو ں کے عوام نے گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی مشکلات اور قدرتی آفت سے ممکنہ خطرات کا ادارک کرتے ہوئے ضروری اقدامات اٹھائیں۔
خبر کا کوڈ : 428302
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش