0
Tuesday 30 Dec 2014 18:59
فلسطین کے بارے میں بھارتی حکومت اپنا موقف واضح کرے

قبلہ اول کی بازیابی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، گلبرگہ میں یوم فلسطین

قبلہ اول کی بازیابی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، گلبرگہ میں یوم فلسطین
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی حمایت میں عالمی سطح پر رائے عامہ بیدار ہو رہی ہے اور مختلف ممالک کی رائے تبدیل ہو رہی ہے اب وہ دن دور نہیں جب فلسطین کو آزاد کا مملکت کا درجہ حاصل ہوگا، اس خیال کا اظہار ممتاز قومی رہنماء الحاج قمر الاسلام، صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ، وزیر بلدی نظم و نسق پبلک انٹر پرائزس وقف و اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک نگران وزیر گلبرگہ ضلع نے کیا ہے، وہ کل رات تاریخی میدان ہفت گنبد گلبرگہ میں انڈو عرب لیگ حیدرآباد اور مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ کے زیر اہتمام منعقدہ یوم فلسطین و فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی جلسہ عام میں صدارتی خطاب کر رہے تھے، زبردست سردی کے باوجود جلسہ عام میں مسلمانان گلبرگہ ضلع کی بھاری تعداد شریک رہی، الحاج قمر الاسلام نے مزید کہا کہ قبل اول مسجد اقصیٰ کی بازیابی کو اب دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، اُنہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل امریکہ کی پشت پناہی سے فلسطین کے خلاف اپنی جارحیت و بربریت زیادہ دن جاری نہیں رکھ سکے گا، 1960ء سے جاری فلسطینی تحریک کو ایک بڑی کامیابی یہ ملی ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی ممبر شپ حاصل ہوئی ہے، دنیا کے 135 ممالک فلسطین کی حمایت کرنے آگے آئے ہیں، الحاج قمر الاسلام نے مزید کہا کہ فلسطین کے معاملہ میں امریکہ اقوام متحدہ پر زیادہ عرصہ تک اپنی گرفت باقی نہیں رکھ سکے گا، سویڈن، فرانس اور دیگر یورپی ممالک نے فلسطین کو آزاد مملک تسلیم کرنے کے لئے اقوام متحدہ پر اپنا دباؤ بنایا ہے، پچھلے دنوں ہوئی عرب ممالک کی وزراء خارجہ کی کانفرنس میں بھی فلسطین کو آزاد مملک تسلیم کرنے کا اقوام متحدہ سے پرزور مطالبہ کیا گیا۔

الحاج قمر الاسلام نے اسرائیل کی جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام گذشتہ 50 سالوں سے اسرائیل کی جارحیت ظلم و بربریت کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں، اُنہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف پورے عالم اسلام میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے، اُنہوں نے کہا کہ آج ساری دنیا میں جمہوریت کو غلبہ حاصل ہو رہا ہے ایسے میں امریکہ اور اسرائیل کی آمریت و ظلم کی عمر زیادہ لمبی نہیں ہوگی، الحاج قمر الاسلام نے مزید کہا کہ فلسطین کی آزادی کے ساتھ ہی قبلہ اول، مسجد اقصیٰ کی بازیابی ہوگی اور ساری دنیا کے مسلمان مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں گے، مسجد اقصیٰ قبل اول ہونے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے نزدیک اس لئے زیادہ عزیز اور مقدس ہے کہ یہاں پیغمبر اسلام (ص) نے شب اسریٰ تمام انبیاء کی امامت فرمائی اور سدرۃ المنتہیٰ کی طرف عروج فرمایا، الحاج قمر الاسلام نے مزید کہا کہ اگر اسرائیل مسجد اقصیٰ کے تقدس کو پامال کرنے کی جسارت کریگا تو دنیا بھر کے مسلمانوں کے ردعمل کا اُسے سامنا کرنا پڑیگا، اسرائیل کی عافیت اسی میں ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں کے حوالے کردے، وزیر وقف و اقلیتی بہبود حکومت کرناٹک الحاج قمر الاسلام نے فلسطین کے تئیں ہندوستان کے دیرینہ موقف کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ روز اول ہندوستان فلسطین کا زبردست حامی رہا ہے۔

بابائے قوم مہاتما گاندھی ہندوستان کے اولین وزیر اعظم پنڈت نہرو سے یو پی اے حکومت تک تمام وزرائے اعظم نے فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے، شریمتی اندرا گاندھی نے یاسر عرفات کو اپنا بھائی تسلیم کیا، الحاج قمرالاسلام نے مرکز کی موجودہ حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین کے تئیں اپنے موقف کو فوری واضح کرے الحاج قمر الاسلام نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام گذشتہ 50 سالوں سے اسرائیل کی بربریت کا شکار ہیں، نواب ڈاکٹر میر اکبر علی خان نائب صدر انڈو عرب لیگ حیدرآباد نے کہا کہ 1967ء میں اقوام متحدہ میں فلسطین کو آزاد مملکت تسلیم کرنے کی قرارداد منظوری ہوئی لیکن آج تک اس قرارداد پر عمل نہیں ہوا، ساری دنیا میں دو تہائی سے زائد ممالک فلسطین کو آزاد مملکت قرار دینے کے حامی ہیں لیکن اسرائیل کسی بھی صورت میں اس کے لئے آمادہ نہیں ہے اور نہ ہی قبلہ اول مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں کے حوالے کرنا چاہتا ہے، اُنہوں نے عرب ممالک پر فلسطین کو آزاد مملکت تسلیم کروانے اور مسجد اقصیٰ کی بازیابی کے لئے قائدانہ رول ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر عرب ممالک مشترکہ کرنسی اور پیٹرول کی دولت کا صحیح استعمال کریں تو وہ دنیا کے لئے سوپر پاور بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹر میر اکبر علی نے ہندوستان میں جبراً تبدیلی مذہب کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی شر انگیزیوں سے ملک کا امن و سلامتی خطرہ میں پڑ سکتا ہے، اُنہوں نے کہا کہ انڈو عرب لیگ غیر سیاسی تنظیم ہے جسے پوری ملک کی سطح پر توسیع دی جارہی ہے، اُنہوں نے کہا کہ عرب ممالک اور ہندوستان کے مابین سفارتی تعلقات کو بہتر بنانا اور قبلہ اول مسجد اقصیٰ کی بازیابی و فلسطین کو آزاد مملکت کا درجہ دلانے کے لئے جاری عالمی جدوجہد کی حمایت کرنا انڈو عرب لیگ کا بنیادی مقصد ہے، عدنان ابو الحایج سفیر مملکت فلسطین نے خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت و بربریت کے رونگٹھے کھڑے کر دینے والے واقعات بیان کرتے ہوئے فلسطین کی حمایت کے لئے ہندوستانی مسلمانوں اور یہاں کے سیکولر ذہن عوام و حکومتوں کے جذبہ اظہار یگانگت کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا، اُنہوں نے کہا کہ فلسطین اسرائیل کی نسل پرستی پر مبنی جارحانہ کارروائیوں اور جنگی جرائم کے خلاف عالمی فورم سے رجوع ہوگا۔ عدنان ابوالحائج نے کہا کہ اسرائیل مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی مسلسل سازشیں کر رہا ہے اور مسجد کو نقصان پہنچا رہا ہے، اُنہوں نے آزاد فلسطین کے لئے جدوجہد کرنے والے یاسر عرفات، شیخ یاسین اور حماس قائدین کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی عوام ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی، صالح محمد فہد نائب سفیر فلسطین نے کہا کہ عالمی میڈیا میں فلسطینی عوام کی جدوجہد پر عالمی سطح پر توجہ مرکوز کروانے میں اہم رول ادا کیا ہے، اُنہوں نے فلسطینی عوام کی حمایت اور اظہار یگانگت کے لئے ہندوستان کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اپنی تحریک میں ضرور کامیاب ہوگا۔

ڈاکٹر الحاج سید شاہ گیسودراز خسرو حسینی سجادہ نشین درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز (رہ) نے بطور خاص جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے فلسطینی کاز کے تئیں اپنی غیر معمولی دلچسپی اور فلسطینی عوام سے بھرپور یگانگت کا اظہار کیا، عزیز اللہ سرمست سینئر صحافی نے مخاطب کرتے ہوئے الحاج قمر الاسلام کو عالمی ملی فکر رکھنے والے قائد سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ الحاج قمر الاسلام نے فلسطین اور عراق کی حمایت میں اور ڈنمارک میں شان رسالت میں گستاخی کے خلاف جلسے منعقد کرتے ہوئے مسلمانان گلبرگہ کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی ہے، عزیز اللہ سرمست نے انڈو عرب لیگ اور مرکزی سیرت کمیٹی کی جانب سے مسلمانان گلبرگہ ضلع اور ہندوستانی مسلمانوں کے جذبات پر مبنی قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ قبل اول کی بازیابی کے لئے جدوجہد کرنا اور فلسطینی مسلمانوں کے موقف کی حمایت کرنا تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کا ملی و دینی فریضہ ہے، قرارداد میں اقوام میں متحدہ میں فلسطین کو آزاد مملکت کا درجہ دینے، فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت پر روک لگانے کا پرزور مطالبہ کیا گیا، یاداشت میں اسرائیل کو ایک نسل پرست اور دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ہمیشہ نہ صرف فلسطینیوں کے حقوق پر دست درازی کی ہے بلکہ ارض فلسطین پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور عالمی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، اسرائیل نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کو کوئی اہمیت نہیں دی ہے، یاداشت میں موجودہ حکومت ہند سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے وہ اپنی پیش رو حکومتوں کی طرح مملکت فلسطین کی حمایت کرے، ابتداء میں کارروائی کا آغاز ڈاکٹر قاری صدیق حسین صاحب حیدرآباد کی قرأت کلام پاک اور ساجد نظامی کی نعت خوانی سے ہوا، مقامی علماء کرام مولانا سید عبدالرشید، مولانا شریف احمد مظہری، مولانا بدی الزماں مدنی نے مخاطب کرتے ہوئے ارض فلسطین، قبل اول مسجد اقصیٰ کی اسلامی اہمیت و عظمت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہودیوں نے ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے، لیکن وہ دن قریب ہے جب مسلمان یہودیوں پر غالب آئیں گے، محمد اصغر چلبل نائب صدر مرکزی سیرت کمیٹی ضلع گلبرگہ نے جلسہ عام کی کارروائی نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ چلائی۔
خبر کا کوڈ : 429211
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش