0
Thursday 15 Jan 2015 14:52

کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس میں نامزد ملا فضل اللہ، شاہد اللہ شاہ سمیت 8 دہشتگرد اشتہاری قرار

کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس میں نامزد ملا فضل اللہ، شاہد اللہ شاہ سمیت 8 دہشتگرد اشتہاری قرار
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کے مفرور دہشتگرد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سرغنہ ملا فضل اللہ سمیت دیگر 8 دہشتگردوں کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس میں نامزد کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سرغنہ ملا فضل اللہ اور ترجمان شاہد اللہ شاہد سمیت 8 دہشتگردوں کا کچھ پتا نہیں اور وہ تاحال مفرور ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد سہراب گوٹھ کے علاقے مچھر کالونی میں کافی عرصے تک قیام پذیر رہے ہیں، تاہم اب وہاں سے فرار ہو چکے ہیں۔ عدالت نے پولیس کی رپورٹ کی روشنی میں ملا فضل اللہ اور شاہد اللہ شاہد سمیت 8 دہشتگردوں ممتاز اعوان، عالم شریف، عبدالرشید صدیقی، اختر پلمبر، اقبال ٹھیکیدار اور عبداللہ بلوچ کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے اخبار میں اشتہار شائع کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ کیس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔ واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر 8 جون کی شب دہشتگردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا، جس میں سکیورٹی اہلکاروں سمیت 28 افراد شہید ہوئے تھے، جبکہ فورسز کے آپریشن میں تمام دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 432685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش