0
Friday 16 Jan 2015 18:25

شان رسالت میں گستاخی پر امہ کی خاموشی لمحہ فکریہ، اقوام متحدہ، OIC کا کردار مجرمانہ ہے، جماعت اہلسنّت

شان رسالت میں گستاخی پر امہ کی خاموشی لمحہ فکریہ، اقوام متحدہ، OIC کا کردار مجرمانہ ہے، جماعت اہلسنّت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے تحت فرانس کے میگزین (Charlie Hebdo) میں نبی کریم ﷺ کے توہین آمیز خاکوں (کارٹون) کی اشاعت کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منایا گیا، جمعہ کے اجتماعات میں شہر بھر کی مساجد میں علمائے کرام نے اس گستاخانہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان پیغمبر اسلام کی توہین ہرگز برداشت نہیں کر سکتا، جماعت اہلسنّت کراچی کے تحت توہین آمیز خاکوں کے خلاف صوفی حسین لاکھانی کی قیادت میں نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے عرفان مصطفی قادری، عاطف بلو نے بھی خطاب کیا۔ حسین لاکھانی نے تقریر میں کہا کہ شان رسالت میں گستاخی کے خلاف عالمی سطح پر امہ کی خاموشی لمحہ فکریہ، مسلم حکمرانوں اور او آئی سی کا کردار مجرمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے عظیم رہبر نبی کریم ﷺ کی شانِ اقدس میں توہین سے بین المذاہب تصادم کے شدید خطرات ہیں۔ ہمارے احتجاج کا مقصد عالمی طاقتوں و اداروں کو یہ باور کرانا ہے کہ بعض یورپی ممالک سازش کرکے نبی آخرالزمان کی شان میں جان بوجھ کر گستاخی کا ارتکاب کراتے ہیں جس سے مسلمانوں کے جذبات شدید مجروح ہوتے ہیں اور عالمی امن کو شدید خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر انبیاء کرام کی توہین رکوانے کیلئے قانون سازی کی جائے، UNO اور OIC کو اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے وگرنہ کسی وقت بھی حالات نازک صورتحال اختیار کرسکتے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ ناموس مصطفی ﷺ کے لیے میدان میں نکلیں ہیں ہمارا کوئی سیاسی مقصد نہیں ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ او آئی سی کا فوری طور پر سربراہی اجلاس طلب کرکے مغرب و یورپ کو دو ٹوک انداز میں پیغام دے کہ توہین آمیز خاکوں کی اشاعت پر مکمل پابندی لگائی جائے، ورنہ ہم راست اقدام پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شانِ رسالت میں توہین پر اقوام متحدہ، مسلم ممالک کے حکمرانوں کی خاموشی شرمناک ہے اس پہلے کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں کو غلامانِ مصطفیﷺ اقتدار سے اتار کر تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیں وہ ہوش کے ناخن لیں اور ناموس مصطفی ﷺ کے لیے عملی کردار ادا کریں ورنہ تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان گستاخانہ خاکوں کے خلاف بطور احتجاج فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرنے سمیت فرانسی سفیر کو ملک بدر کرے عرب ممالک مغرب کو تیل کی سپلائی بند کرنے سمیت تمام مسلم ممالک امریکہ اور مغرب سے اپنا سرمایہ نکال لیں۔ احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی جو ناموس رسالت پہ جان قربان اور غلامی رسول میں موت بھی قبول کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر حبیب اللہ شاہ، قاضی نور الاسلام، سید رفیق شاہ، سلیم عطاری، آصف قادری، سید انور نقشبندی، بلال قادری بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 432949
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش