0
Monday 26 Jan 2015 19:22

لاہور میں سنی تحریک کا امریکہ بھارت معاہدوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

لاہور میں سنی تحریک کا امریکہ بھارت معاہدوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے زیراہتمام امریکی صدر باراک اوباما کے دورۂ بھارت کے موقع پر کئے گئے سول نیوکلیئر تجارتی معاہد ے کیخلاف لاہور میں داتا دربار کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت سُنی تحریک پنجاب کے صوبائی رہنما محمد زاہدحبیب قادری نے کی۔ اس مو قع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محمد زاہد حبیب قادری نے کہا کہ امریکہ بھارت گٹھ جوڑ خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے۔ سول نیو کلیئر معاہدہ سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہو گا۔ طاقت کا توازن برقرار نہ رکھا گیا تو خطے میں امن و امان قائم رکھنا مشکل ہو جائیگا۔ برصغیر کو اسلحہ کی دوڑ سے پاک کرنے کیلئے امریکہ بھارت کیساتھ سول نیو کلیئر تجارتی معاہدہ فوری طور پر منسوخ کرے۔ امریکہ سول نیو کلیئر معاہدے سے بھارت کو خطے کا تھانیدار بنانا چاہتا ہے لیکن پاکستان کے غیور عوام بھارتی اجارہ داری کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت سی ٹی بی ٹی معاہدے پر دستخط کرنے سے انکاری ہے تو پھر کس قانون کے تحت بھارت کو نیوکلیئر فیول کی فراہمی کر رہا ہے، بھارت کے دورے پر پاکستان کو نظر انداز کرنا سوچی سمجھی منصوبہ بندی ہے۔ امریکہ دوہرا معیار ترک کر کے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم کو بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بھارت پر زور ڈالے۔

رہنماؤں نے کہا کہ امریکہ کے اس دہرے معیار پر پاکستانی حکام کو چین کے ساتھ مزید تعلقات کو بہتر کرنا ہو گا۔ مسلم برادر ممالک ایران اور افغانستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھاناہوں گے۔ اس مو قع پر جماعت اہلسنت کے ضلعی امیر مولانا محمد رفیق احمد رضوی، پاکستان سنی فورس کے امیر غلام دستگیر خان، ڈاکٹر عبد الرشید، انجمن طلبہ اسلام کے شاذب چٹھہ، ملک نصیر مصطفائی، سنی تحریک کے ضلعی صدر محمد اکرام بابر، ضلعی رہنما ڈاکٹر حبیب الرحمن، قاری محمد بوٹا جٹ، سٹی صدر حافظ محمد طاہر رضا قادری و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر امریکہ کی جانب سے پراسرار خاموشی دراصل بھارت کی حمایت ہے۔ کشمیر میں نہتے کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی افواج کے مظالم اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی ٹھیکدار تنظیموں کے منہ پر طمانچہ ہے۔ مظاہرہ میں سنی تحریک کے کارکنان نے پاکستان زندہ باد، امریکہ بھارت مردہ باد کے نعرے لگائے اور امریکی وبھارتی پرچم بھی نذر آتش کیے گئے۔
خبر کا کوڈ : 435147
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش