0
Wednesday 4 Feb 2015 13:00

داعش نے اردن کے مغوی پائلٹ کو زندہ جلا دیا، غیر ملکی خبر ایجنسی

داعش نے اردن کے مغوی پائلٹ کو زندہ جلا دیا، غیر ملکی خبر ایجنسی
اسلام ٹائمز۔ عراق اور شام میں دہشت گردی کرنیوالے سلفی گروپ داعش نے اردن کے مغوی پائلٹ کو زندہ جلا دیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اردن نے مغوی پائلٹ لیفٹیننٹ معاذ الکساسبہکی داعش کے ہاتھوں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ داعش نے اردن کے پائلٹ کو زندہ جلانے کی وڈیو بھی جاری کر دی ہے۔ اردن کے سرکاری ٹی وی نے پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے، اس میں ملوث افراد کو سزا دینے اور بدلہ لینے کا عزم کیا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق پائلٹ معاذ الکساسبہ تقریباً ایک ماہ پہلے اس وقت ہلاک ہو گئے تھے، جب ان کی بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی تھیں۔ پائلٹ کی ہلاکت کی خبر ملنے پر اردن کے بادشاہ عبداللہ امریکہ کا دورہ مختصر کر کے واپس وطن پہنچ گئے ہیں، لیکن اس سے پہلے وہ امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کر چکے تھے۔ وطن واپس پہنچنے پر بادشاہ عبداللہ نے ایک بیان میں شہریوں سے مشکل کا سامنا کرنے میں متحد رہنے کی اپیل کی۔ امریکی صدر براک اوباما نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ویڈیو اصل ہے تو یہ دولتِ اسلامیہ کی بدی اور سفاکی کی ایک اور مثال ہے۔ یہ ویڈیو سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر دولتِ اسلامیہ سے وابستہ ایک اکاؤنٹ پر جاری کی گئی۔

26 منٹ دورانیے کی اس ویڈیو کی فوری طور پر تصدیق نہیں ہوئی، تاہم ویڈیو میں ایک لوہے کے پنجرے کو شعلوں میں لپٹا دیکھا جا سکتا ہے، جس کے اندر نارنجی رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے، ایک شخص موجود ہے۔ لیفٹیننٹ معاذ الکساسبہ کو دسمبر میں الرقہ کے علاقے میں اس وقت دولتِ اسلامیہ نے حراست میں لے لیا تھا، جب وہ دولتِ اسلامیہ کے خلاف امریکی قیادت میں جاری فضائی کارروائی میں شامل تھے اور ان کا جہاز گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ تاہم وہ اس حادثے میں بچ گئے تھے۔ اردن نے اپنے مغوی پائلٹ کی رہائی کے لیے ایک عراقی حملہ آور خاتون ساجدہ الرشاوی کو رہا کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی، مگر اس پر اردن نے یہ مطالبہ کیا تھا کہ اس کے پائلٹ کے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کیا جائے اور اس کو قیدی خاتون کے بدلے میں رہا کیا جائے۔ ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد سینکڑوں افراد اردن کے دارالحکومت عمان کے مضافات میں اس جگہ پہنچ گئے، جہاں ہلاک کیے جانے والے پائلٹ کے اہلخانہ اور ان کے عزیزوں نے احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔
خبر کا کوڈ : 437165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش