0
Monday 22 Nov 2010 10:14

ملک میں لشکر جھنگوی،طالبان اور القاعدہ کا گٹھ جوڑ ہے،دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث نہیں،وزیر داخلہ

ملک میں لشکر جھنگوی،طالبان اور القاعدہ کا گٹھ جوڑ ہے،دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ ملوث نہیں،وزیر داخلہ
کراچی،اسلام آباد:اسلام ٹائمز-وقت نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ ملک میں لشکر جھنگوی،طالبان اور القاعدہ کا گٹھ جوڑ ہے،ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں بیرونی ہاتھ نہیں اپنے ہی لوگ ملوث ہیں،جو بھی بم دھماکے میں پکڑا گیا وہ پاکستانی ہی نکلا۔سی آئی ڈی سنٹر کراچی میں ہونے والے دھماکے میں کالعدم لشکر جھنگوی ملوث ہے،جب اپنا ہی گھر ٹھیک نہ ہو تو بھارت سمیت کسی اور ملک پر الزام تراشی درست نہیں،غدار پاکستانیوں کا احتساب ہونا چاہئے، کالعدم تنظیمیں ہتھیار پھینک کر ملک کی ترقی کے لئے کردار ادا کریں،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ پر قابو پا لیا،وہاں فوج بلانے کی ضرورت نہیں،سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے گی،سرکاری دفاتر میں آنے والوں کے کپڑے تک اتار لئے جاتے ہیں،اس کلچر کا خاتمہ چاہتے ہیں۔وہ کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
رحمن ملک نے کہا کہ ملک میں طالبان،لشکر جھنگوی اور القاعدہ کی مثلث موجود ہے جو ایک دوسرے کی مدد سے کارروائیاں کرتے ہیں۔سی آئی ڈی دھماکے میں استعمال ہونے والا مواد ٹیسٹنگ کے لئے بھیج دیا گیا ہے،رپورٹ آنے تک کسی دوسرے ملک پر الزام لگانا درست نہیں،تاہم لشکر جھنگوی کے اس میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کو روکنے اور مڈل کلاس کو بااختیار بنانے سے متعلق پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کا ایک موقف ہے۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانوں کو پکڑنے کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،کرپشن کرنیوالوں کو وارننگ دیتا ہوں وہ باز آ جائیں۔ جہاں ضرورت ہو گی وہاں فوج بلائی جائے گی۔کراچی میں قتل کے ہر واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ کا ایشو نہ بنایا جائے،میڈیا کو خبر کی تصدیق کرنی چاہیے،مطالبہ تو یہ بھی کیا جاسکتا ہے کہ غلط سوال کرنیوالے صحافی کو فوج کے حوالے کیا جائے،گزشتہ دنوں گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ کے ایک جھگڑے کے بعد فائرنگ کے واقعات میں ہمیں 35 لاشیں اٹھانا پڑی تھیں۔بہت جلد میڈیا کی ایک ٹیم تشکیل دے کر سرکاری اداروں میں بھیجوں گا اور قوم دیکھے گی کہ حالات کتنے تبدیل ہوئے ہیں۔
دریں اثناء ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے رحمن ملک نے انسانی سمگلنگ میں ملوث تمام جعلی ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر داخلہ نے تفتان چیک پوسٹ پر 106 پاکستانیوں کی غیرقانونی بے دخلی کا سخت نوٹس لیا۔وزیر داخلہ نے چینی اور دوسری اشیا کی افغانستان سمگلنگ روکنے کیلئے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ خود سرحد کا دورہ کریں۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں تمام اہم شاہراہوں،داخلی و خارجی راستوں پر اسلحہ سکینرز لگائے جائیں۔سکولوں،مساجد،امام بارگاہوں،پارکس،ریلوے سٹیشنوں اور دیگر عوامی مقامات کو گن فری زون قرار دیا جائے جبکہ غیر قانونی اسلحہ کی رجسٹریشن کرتے ہوئے شہری علاقوں میں ری لوکیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا کو نادرا کے ڈیٹا سے لنک کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ 
دریں اثناء رحمان ملک نے گزشتہ روز اسلام آباد ائرپورٹ پر ایف آئی اے کے شفٹ انچارج کو مسافر سے 20 ہزار رشوت طلب کرنے کے الزام میں معطل کر دیا اور ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی وہ اس معاملے کی تحقیقات کرائیں۔خبر نگار کے مطابق رحمان ملک نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر مسافر سے رشوت مانگنے کے الزام میں ایف آئی اے کے ایک انسپکٹر اور کانسٹیبل کو معطل کرتے ہوئے ملک کے تمام ائر پورٹس کے معائنے کے لئے ایف آئی اے میں ٹاسک فورس قائم کر نے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔انہوں نے تمام سرکاری محکموں کو دفاتر میں شکایتی بکس رکھنے اور طریقہ کار نوٹس بورڈ پر آویزاں کرنے کی ہدایت بھی دی،تاکہ کرپشن سے پاک اور دوستانہ ماحول پیدا ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 44788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش