0
Tuesday 8 Sep 2015 02:00

پیپلز پارٹی رہنماؤں نے دبئی میں سر جوڑ لئے، اجتماعی استعفوں کی تجویز فی الحال مسترد

پیپلز پارٹی رہنماؤں نے دبئی میں سر جوڑ لئے، اجتماعی استعفوں کی تجویز فی الحال مسترد
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر پرسن آصف علی زرداری کی زیر صدارت دبئی میں 6 گھنٹے اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق رہنماؤں کی اکثریت نے فی الحال اجتماعی استعفوں کی تجویز مسترد کر دی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ وزیراعلٰی سندھ کے اختیارات میں کسی دوسرے ادارے کی دخل اندازی کا معاملہ اپیکس کمیٹی میں اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ، فریال تالپور، قمر زمان کائرہ، وزیر داخلہ سندھ سہیل سیال اور شرجیل میمن سمیت کئی رہنماؤں نے شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی رہنماؤں کی اکثریت نے فی الحال اجتماعی استعفوں کی تجویز مسترد کر دی اور مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوری انداز میں اپنا مؤقف ایوانوں میں پیش کرتی رہے گی اور پارلیمانی سیاست سے راہ فرار اختیار نہیں کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی موجودہ حکومت کو 5 سال مکمل کرنے دینا چاہتی ہے۔ لیکن مسلم لیگ نون کی حکومت پر زور دیا جائے گا کہ وہ پیپلز پارٹی مخالف کارروائیاں روکے۔ یہ بھی طے کیا گیا کہ وزیراعلٰی سندھ کے اختیارات میں کسی دوسرے ادارے کی دخل اندازی کا معاملہ اپیکس کمیٹی میں اٹھایا جائے گا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کے خلاف ہونے والے میڈیا پروپیگنڈا کے بارے میں مربوط حکمت عملی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ قمر زمان کائرہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے متعلق آج دوپہر ایک بجے دبئی میں میڈیا کو بریفنگ دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 484703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش