0
Wednesday 26 Jan 2011 11:21

کراچی،شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہو گیا

کراچی،شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہو گیا
کراچی:اسلام ٹائمز-شہدائے کربلا کے چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہوا، جلوس ایم اے جناح روڈ سے گزر کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوا، نشتر پارک میں شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر مرکزی مجلس عزا مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے پڑھی، مجلس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں سیرت امام حسین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کا معاشرہ جس زبوں حالی کا شکار ہے اس سے نجات کا واحد راستہ کربلا کے پیغام کو سمجھتے ہوئے اس پر عمل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ دشمن چاہے جتنے ستم کرے، ہم اس عزا کو ہمیشہ برپا کریں گے، بعد از مجلس عزاداران امام حسین ع سینہ کوبی کرتے ہوئے جلوس کی صورت میں ایم اے جناح پر نمودار ہوئے، جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس نے کی،شرکائے جلوس نے ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کی، نماز کی امامت مولانا سجاد رضوی کی۔ اس موقع پر عزاداران سید الشہداء نے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم بھی نذر آتش کئے،نماز کا انعقاد امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رضاکاروں نے کیا، جلوس میں علم ،تعزیہ، ذوالجناح بھی شامل تھے، بعد ازاں جلوس کے شرکاء جب لائٹ ہاؤس پہنچے تو عزاداران نے شہیدوں کی یاد میں لبیک یا حسین ع کے نعرے بلند کئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال اسی مقام پر ہونے والے بم دھماکے میں متعدد عزاداروں نے جام شہادت نوش کیا تھا، قبل از ایں گزشتہ دنوں گرفتار ہونے والے بے گناہ شیعہ اسیران کے خانوادگان نے اپنے عزیزوں کی گرفتاری کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا، دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ عالم دین علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ حکومت فی الفور ان گرفتاریوں کا سلسلہ بند کرے اور جیلوں میں قید بے گناہ شیعہ اسیروں کے ساتھ اذیت ناک سلوک بند کروا کے انہیں دیگر قیدیوں کی طرح سہولیات فراہم کرے۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا اور آئی جی سندھ بابر خٹک نے شرکائے دھرنا سے مذاکرات کئے، مطالبات کی منظوری کی بعد شرکائے دھرنا پرامن طور پر منتشر ہو گئے، جلوس کے موقع پر سیکوریٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور رینجرز، پولیس اور حساس اداروں کے ساتھ ساتھ اسکاؤٹس اور رضاکاروں کی بھاری نفری تعینات تھی، جلوس کی فضائی نگرانی بھی کی گئی، کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایدھی، چھیپا اور شیعہ ویلفیئر اداروں کی ایمبولینس بھی موجود تھیں۔
خبر کا کوڈ : 51972
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش