0
Thursday 27 Jan 2011 00:12

کراچی،شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اُن کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی ریلی

کراچی،شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اُن کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے احتجاجی ریلی
کراچی:اسلام ٹائمز-گذشتہ روز ملیر ہالٹ کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش اور اُن کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے ملیر کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی کے مکینوں نے احتجاجی ریلی نکالی، احتجاجی ریلی کی قیادت حجتہ السلام والمسلمین مولانا حامد حسین مشہدی نے کی، جبکہ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل سجاد اکبر و دیگر ملّی تنظیموں اور ماتمی انجمنوں کے عہدیداران بھی موجود تھے، احتجاجی ریلی کا آغاز مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار سے ہوا جو ملیر ۵۱ اور کالا بورڈ سے گزرتی ہوئی سعود آباد تھانے پر اختتام پذیر ہوئی۔
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے حجتہ السلام والمسلمین مولانا حامد حسین مشہدی نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک خداداد پاکستان کا ہر شہری آج یہ سوال کر رہا ہے کہ آخر کب تک وہ اپنے عزیزوں کے جنازے اٹھاتا رہے گا، اگر دشمن یہ سمجھتا ہے کہ ان بم دھماکوں کے ذریعے وہ ہمیں خوفزدہ کر دے گا تو یہ اُس کی سب سے بڑی بھول ہے کیونکہ ملت جعفریہ اس کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کرے گی، یہ ملک ہمارا ہے اور اس کا تحفظ بھی ہمارا فرض ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ان دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قرار  واقعی سزا دے۔
اس موقع پر پولیس کی جانب سے ڈی ایس پی سہراب میو اور سعود آباد تھانے کے ایس ایچ او اعجاز قائم خانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آخر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع ملیر کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل احسن عباس نے قرار دادیں پیش کیں، ریلی کے شرکاء نے سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے، شرکائے ریلی لبیک یا حسین  اور شہادت سعادت کے شعار بلند کرتے رہے، اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے شریک ہو کر شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 52101
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش