0
Friday 28 Jan 2011 22:22

امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوانوں کی ہلاکت کیخلاف مظاہرے، نوجوان سپرد خاک

امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں نوجوانوں کی ہلاکت کیخلاف مظاہرے، نوجوان سپرد خاک
 لاہور:اسلام ٹائمز-لاہور میں امریکی اہلکاروں کی فائرنگ اور گاڑی کی ٹکر سے تین نوجوانوں کی ہلاکت کے خلاف جماعت اسلامی اور اساتذہ تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ پنجاب یونیورسٹی میں اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اساتذہ کی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا کر امریکا کے خلاف نعرے بازی کی۔ انہوں نے دن دیہاڑے تین نوجوانوں کو ہلاک کرنے پر امریکی باشندوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ منصورہ میں جماعت اسلامی نے امریکی شہری کے ہاتھوں دو نوجوانوں کو قتل اور تیسرے کو گاڑی کی ٹکر سے ہلاک کے واقعے پر مظاہرہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اپنے ہی ملک میں پاکستانی باشندوں کا سر عام قتل کیا گیا ہے، ملزم کو سخت سزا دی جائے۔
ادھر امریکی اہلکار کی فائرنگ اور گاڑی کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے نوجوانوں کو لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ امریکی اہلکاروں کی فائرنگ اور گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے تینوں نوجوانوں کی لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ میتیں جب گھر پہنچیں تو کہرام برپا ہو گیا۔ صدمے سے نڈھال ورثاء بین کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انصاف کے لئے چیف جسٹس آف پاکستان کی عدالت کا دروازہ بھی کھٹکھٹائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے بچے شریف شہری تھے، لیکن پولیس ملزموں کو بچانے کے لئے انہیں لٹیرے ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والے تینوں نوجوانوں کے لواحقین لاشوں سے چمٹ کر روتے رہے۔ 
امریکی سفارتخانے کے گاڑی تلے کچلے جانے والے نوجوان عبادالرحمان کی ایک ماہ بعد شادی تھی۔ تینوں نوجوانوں کی نماز جنازہ لاہور کے مختلف مقامات پر ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں سینکٹروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ امریکی اہلکاروں کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوانوں کے ورثاء سراپا احتجاج ہیں، ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف انصاف چاہتے ہیں، لیکن الٹا ان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

خبر کا کوڈ : 52319
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش