0
Sunday 6 Feb 2011 11:36

پاکستانی آج بھی کشمیر کے بغیر اپنے آپ کو اُدھورا دیکھتے ہیں،رحمان شاہ

پاکستانی آج بھی کشمیر کے بغیر اپنے آپ کو اُدھورا دیکھتے ہیں،رحمان شاہ
لاہور:اسلام ٹائمز۔ 5فروری یوم یکجہتی ِ کشمیر کے موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید رحمان شاہ کی طرف سے جاری کیے گئے پیغام میں کشمیریوں کی تحریک ِ آزادی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اب تک شہید ہونے والے مظلوم کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ شہداء کی قربانیوں سے کشمیر میں بھی آزادی کا سورج جلد طلوع ہو گا۔ سید رحمان شاہ نے کہا کہ اب تک کے کشمیر کے مسئلے کا حل نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی حکام نے اس اہم مسئلے کی طرف بھرپور توجہ نہیں دی بلکہ ماضی میں مسئلہ کشمیر ہمیشہ سیاست کی دکانیں چمکانے کا ذریعہ رہا ہے۔ پاکستانی آج بھی کشمیر کے بغیر اپنے آپ کو اُدھورا دیکھتے ہیں اور کشمیریوں کے لئے ہمارا دل خون کے آنسو روتا ہے اور اس بات کے لئے ہم پراُمید ہیں کہ کشمیری بھائی بھی جلد آزاد فضا میں سانس لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا رشتہ ایک نظریے اور فکر کا رشتہ ہے جس کی اساس اسلام ہے لہذا پاکستانی حکومت کو چا ہیے کہ اس اہم مسئلے کو فقط قراردادوں تک محدود نہ رکھے بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات کیے جائیں۔
اقوام متحدہ کی قراردادوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سید رحمان شاہ نے کہا کہ مسلمانوں کے مسائل کے حوالے سے اقوام متحدہ کا کردار ایک مجرم کی پناہ گاہ کے طور پر رہا ہے، خواہ وہ مسئلہ فلسطین ہو یا مسئلہ کشمیر ہو۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان اور عراق میں جاری امریکی اور صیہونی مظالم پر اقوام متحدہ ہمیشہ خاموش تماشائی نظر آئی ہے اور اپنی ہی منظور کردہ قراردادوں کو عملی جامہ نہیں پہنا سکی۔ تمام مسلمانوں کے مسائل اور غلامیوں سے آزادی صرف اسلام دشمن کے خاتمے سے ممکن ہے۔ آخر میں انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم کشمیریوں کی قربانیوں کو نہ بھولے ہیں اور نہ بھلا سکیں گے۔ 5 فروری کو ملک بھر میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کی جانب سے ریلیاں مظاہرے اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا اور مظفرآباد میں نکالی جانیوالی مرکزی ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید حسن نقوی نے کی۔

خبر کا کوڈ : 53446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش