0
Saturday 19 Feb 2011 21:52

پاکستان کو بچانے کے لئے بے داغ قیادت چاہیے،کسی جاگیردار کا بیٹا نہیں بلکہ ایک درویش کا بیٹا ہوں،شاہ محمود قریشی

پاکستان کو بچانے کے لئے بے داغ قیادت چاہیے،کسی جاگیردار کا بیٹا نہیں بلکہ ایک درویش کا بیٹا ہوں،شاہ محمود قریشی
ملتان:اسلام ٹائمز۔سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستا ن کو بچانے کے لئے بے داغ قیادت چاہیے، ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہیں، پاک امریکہ تعلقات کیسے تھے جو ایک واقعہ کی نظر ہو گئے، امریکا سے دیرپا تعلقات کی بنیاد رکھنا ہو گی لیکن سر جھکا کر نہیں سر اٹھا کر۔ یہ بات سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نئی کابینہ میں شمولیت اختیار نہ کرنے کے بعد پہلی بار اپنے شہر ملتان میں چوک گھنٹہ گھر پر جلسہ عام سے خطاب کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج اپنی سوچ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے امریکہ کے ساتھ دیرپا تعلقات کی بنیاد رکھنی چاہیے لیکن سر جھکا کے نہیں سر اٹھا کے، انہوں نے کہا کہ شاہ محمود ذوالفقار علی بھٹو کا سپاہی اور بے نظیر کا بھائی ہے، میں مولا کی قسم کھاتا ہوں، اقتدار نہیں چاہیے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خود کو عوام کی عدالت میں پیش کرتا ہوں، ان کا دامن صاف ہے اور ان کا کردار اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ شاہ محمود بکنے والا نہیں اور اپنے موقف کو اپنا کر شاہ محمود نے ایک اور پیغام دے دیا ہے کہ شاہ محمود جھکنے والا بھی نہیں۔ میں کسی جاگیردار کا بیٹا نہیں بلکہ ایک درویش کا بیٹا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے بے داغ قیادت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا 40 ،50 کی کابینہ میں ہم ایسے لوگ تلاش نہیں کر سکتے جن کا دامن صاف ہو، ہماری صفوں میں ایسے لوگ موجود ہیں۔ لیکن دیکھنے والی آنکھ چاہیے۔ سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے پاؤں پر کھڑا ہونا سیکھیں، کیا ہمیں اپنے وقار کا سودا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستانی عوام کے لئے دوہرا معیار ختم کر کے انہیں جائز حقوق دینا ہوں گے۔ لاہور میں 4 بے گناہ شہری جان گنوا بیٹھے، قانون کا مطالعہ کر کے کہتا ہوں امریکہ غلط مطالبہ کر رہا ہے، امریکی ریمنڈ کیلئے جس استثناء کا مطالبہ کر رہے ہیں وہ درست نہیں، ریمنڈ ڈیوس معاملے پر انہوں نے کہا کہ ظلم بھی تم کرو، مظلوم بھی ہم ہوں اور دھمکیاں بھی ہمیں ملیں۔
خبر کا کوڈ : 55574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش