0
Friday 25 Feb 2011 18:16

نوازشریف کا پیپلز پارٹی کو پنجاب حکومت سے علیحدہ کرنے کا اعلان

نوازشریف کا پیپلز پارٹی کو پنجاب حکومت سے علیحدہ کرنے کا اعلان
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے پیپلز پارٹی کے وزراء کو پنجاب کابینہ سے علیحدہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔مشاورتی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس افسوس ناک موڑ سے بچنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی، جس پر ہمیں بہت طعنے سننا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ خلوص دل کے ساتھ میثاق جمہوریت پر عمل کی کوشش کی۔ کوشش تھی کہ اسٹیبلشمنٹ اپنی حدود میں رہے اور جمہوریت چلتی رہے، حکومت اور اپوزیشن مل کر کام کرتے رہے، اسی لئے حکومت سے مذاکرات کے دوران محتاط انداز میں رائے دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک کو بھنور سے نکالنا تھا، نہ چاہتے ہوئے بھی حکومت میں شمولیت اختیار کی۔ نوازشریف نے کہا کہ وہ آصف زرداری کی باتوں میں آگئے تھے لیکن انہوں نے وعدے توڑے اور کہا کہ وعدے قرآن و حدیث نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اصرار تھا کہ پہلے جج بحال کئے جائیں پھر مشرف کو نکالا جائے، لیکن انہوں نے مشرف کو نکالا اور خود صدر بن گئے لیکن جج بحال نہیں کئے۔ انہوں نے کہ صدر زرداری مشرف کے تین نومبر کے غیر آئینی اقدامات کو آئینی تحفظ دینا چاہتے تھے، جس پر مجھے شدید دکھ ہوا، اس سے بہتر تو یہ تھا کہ سیاست ہی چھوڑ دی جائے۔ انہوں نے حکومت نے عدلیہ کی بحالی کو کھلے دل سے تسلیم نہیں کیا۔
پریس کانفرنس سے پہلے اسلام آباد، پنجاب ہاوس میں مسلم لیگ ن کے اجلاس میں 98 فیصد شرکا نے پیپلز پارٹی کو پنجاب میں علیحدہ کرنے کی حمایت کی تھی اور کارکنوں کی رائے کے پیش نظر پیپلز پارٹی کو پنجاب کابینہ سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں نواز شریف نے پیپلز پارٹی کو پنجاب کابینہ سے الگ کرنے یا ساتھ رکھنے کیلئے ووٹنگ کرائی،جس پر اجلاس میں شریک تقریباً ساڑھے تین سو شرکا نے پیپلز پارٹی کا ساتھ چھوڑنے کے لئے ہاتھ اٹھائے جبکہ صرف دس افراد نے پیپلز پارٹی کو پنجاب حکومت میں ساتھ رکھنے کے حق میں ہاتھ اٹھایا۔ نواز شریف نے پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے والوں کا موقف فرداً فرداً سنا،ان کا کہنا تھا کہ جو پارٹی نے کہا وہی فیصلہ ہوگا۔
اجلاس کے دوران نواز شریف نے یونی فکیشن بلا ک کے عطا مانیکا کو اسٹیج پر بٹھا دیا اور کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں ایک آمر نے اغوا کرلیا تھا، آج یہ آزاد ہوگئے ہیں، یہ ہمارے ہی لوگ تھے جو واپس آئے ہیں، کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 56314
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش