0
Thursday 17 Mar 2011 10:42

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیلئے کوئی رقم ادا نہیں کی گئی، امریکا، ڈیوس کی رہائی مضبوط تعلقات کی عکاس ہے، امریکی سی آئی اے

ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کیلئے کوئی رقم ادا نہیں کی گئی، امریکا، ڈیوس کی رہائی مضبوط تعلقات کی عکاس ہے، امریکی سی آئی اے
واشنگٹن:اسلام ٹائمز۔امریکا نے کہا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کے لئے دیت کی رقم ادا نہیں کی گئی۔ معاف کرنے پر ورثا کے شکرگزار ہیں۔ ریمنڈ پاکستان سے جا چکا ہے۔ ہیلری کلنٹن نے قاہرہ میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی بریت اور رہائی کے لئے مقتولین کے اہل خانہ کو ادا کی جانے والی دیت کی رقم امریکا نے نہیں دی، اس بارے میں پاکستانی حکومت سے پوچھا جائے۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ مقتولین کے ورثا کو خون بہا کی رقم کس نے ادا کی۔ ہیلری کلنٹن نے ریمنڈڈیوس کی رہائی پر مقتولین کے ورثا کا شکریہ بھی ادا کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کے مطابق ریمنڈ ڈیوس پاکستان سے جا چکا ہے۔ معاف کرنے پر ورثا کے شکر گزار ہیں۔ ورثا کو امریکی شہریت دینے کے بارے میں علم نہیں۔ مارک ٹونر نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پاکستانی قانون کے مطابق عمل میں آئی اور امریکا پاکستانی قانون کا احترام کرتا ہے۔ وائٹ ہاوس نے بھی ریمنڈ ڈیوس کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
دوسری جانب ایک پریس ریلیز میں امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ وہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر مقتولین کے اہل خانہ کی کشادہ دلی پر ممنون ہیں، امریکی سفیر نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی محکمہ انصاف نے ریمنڈ ڈیوس کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ کیمرون منٹر نے کہا کہ امریکا، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور توقع ہے کہ یہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
ادھر واشنگٹن میں امریکی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کی رہائی مضبوط تعلقات کی عکاس ہے۔ امریکی سی آئی اے کے ترجمان جارج لٹل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دو پاکستانی شہریوں کو قتل کرنے والے اس کے اہلکار ریمنڈ ڈیوس کی رہائی دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی علامت ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ دشمن کا سامنا ہے، ترجمان نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی ایجنسیوں کے تعلقات بہت مستحکم ہیں اور مسائل کو باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 60040
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش