0
Tuesday 28 Mar 2017 14:34

شیخوپورہ، آئل ٹینکر مسافر ٹرین سے ٹکرا گیا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

شیخوپورہ، آئل ٹینکر مسافر ٹرین سے ٹکرا گیا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ لاہور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرین شالیمار ایکسپریس شیخوپورہ میں ریلوے پھاٹک پر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس سے آگ بھڑک اٹھی اور اس نے دیکھتے ہی دیکھتے ٹرین کی بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حادثے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو 1122 اور فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں، حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی 5 بوگیوں میں شدید آگ لگی جس سے 3 بوگیاں مکمل طور پر جل گئیں جب کہ آگ نے ارد گرد کے کچھ علاقے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی 8 گاڑیوں نے مسلسل کوششوں کے بعد 2 گھنٹے سے زائد وقت میں آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے مسافروں کو ٹرین سے باہر نکالا جن میں زخمی ہونے والوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔ شیخوپورہ انتظامیہ نے حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا۔

جائے حادثہ پر موجود ایک عینی شاہد کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والی شالیمار ایکسپریس رات 12 بجے کے قریب شیخوپورہ میں ہرن مینار ریلوے پھاٹک پر پہنچی تو پھاٹک کراس کرتے ہوئے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی، جس نے ٹرین کی بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ترجمان ریلوے نے بتایا کہ آئل ٹینکر کا ایکسل ٹوٹنے کی وجہ سے ٹینکر پٹری پر ہی رک گیا جس کے نتیجے میں ٹریک پر آنے والی ٹرین ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ جس سے ٹینکر میں موجود آئل نے آگ پکڑلی۔ ریلوے حکام کے مطابق آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے، حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ ریلوے حکام کا کہنا ہےکہ شیخوپورہ میں حادثے کے بعد مین لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس جگہ حادثہ ہوا وہاں ریلوے پھاٹک اور گیٹ مین بھی موجود تھا جس کا ابھی کچھ پتا نہیں، گیٹ مین کو بھی حراست میں لے کر اس سے تفتیش کی جائے گی۔ انہوں نے حادثے میں ٹرین ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حادثے میں ریلوے کی غلفت پائی گئی تو اسے چھپایا نہیں جائے گا جب کہ ٹرین کی تاخیر سے روانگی کا حادثے سے کوئی تعلق نہیں، اگر ٹرین وقت پر بھی روانہ ہوتی تو آئل ٹینکر کے پھاٹک کراس کرنے کا کوئی وقت متعین نہیں اس لیے حادثے کو اس طرح نہ جوڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حادثے سے کے وقت ٹرین ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگانے کی پوری کوشش کی ہوگی لیکن ٹرین کی ایمرجنسی بریک ایک حد تک لگ سکتی ہے۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ فی الحال حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد نہیں بتاسکتے کیونکہ مکمل ریسکیو آپریشن کے بعد ہی اس بارے میں کچھ بتاسکیں گے۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے جائے حادثے پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 2 لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ 12 سے 13 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 622326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش