0
Tuesday 5 Apr 2011 14:37

صہیونیستوں اور انکے حامیوں کا خاتمہ نزدیک ہے، محمود احمدی نژاد

صہیونیستوں اور انکے حامیوں کا خاتمہ نزدیک ہے، محمود احمدی نژاد
اسلام ٹائمز- فارس نیوز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکی نظام پر قابض اسرائیلی لابی امریکہ کی خارجہ پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آنے دیتی۔ انہوں نے کہا کہ موجود صدر براک اوباما "چینج" کے نعرے کے ساتھ برسر اقتدار آئے اور اگر اس نعرے میں سچائی ہوتی تو اب تک انکے پاس امریکہ کی غیرانسانی پالیسیوں کو ختم کرنے کی کافی فرصت موجود تھی لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
صدر محمود احمدی نژاد کل پیر کے دن تہران میں مقامی اور بین الاقوامی صحافیوں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ امریکی حکومت بند گلی میں داخل ہو چکی ہے اور اسکے پاس نجات کا واحد راستہ یہ ہے کہ وہ ایران کا تعاون حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکہ کو اسکا موقع بھی فراہم کیا لیکن امریکی سیاسی نظام پر مسلط یہودی لابی کی وجہ سے امریکی حکومت اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ صہیونیستی رژیم ملت ایران
اور دنیا کی اقوام کی دشمن ہے اور عنقریب وہ اور انکے حامی نابود ہونے والے ہیں۔
سعودی عرب محتاط رہے، امریکہ نے خطے کے تمام ممالک کے بارے میں منصوبے بنا رکھے ہیں:
صدر محمود احمدی نژاد نے خلیج فارس تعاون کونسل کی جانب سے ایران پر عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل نے یہ بیانیہ امریکہ اور اسکے اتحادیوں کے دباو کے نتیجے میں صادر کیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ تمام اسلامی ممالک کو انتہائی ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ امریکہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم کو نجات دلانے کیلئے خطے کے ممالک کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسکے تمام منصوبے بہت جلد نابود ہونے والے ہیں لہذا جو کوئی بھی امریکی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو گا اسکا انجام بھی اس جیسا ہی ہو گا۔ 
صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ امریکہ اور اسکے اتحادی مشرق وسطی کے تمام ممالک کے بارے میں منصوبہ بندی کر چکے ہیں لہذا خطے
کے ممالک امریکی اشاروں پر چلنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ انتہائی بے وفا دوست ہے جسکی نمایاں مثال سابقہ عراقی صدر صدام حسین کے ساتھ اسکا رویہ ہے۔
اوباما بش سے زیادہ ذلیل ہو کر اقتدار کو چھوڑیں گے:
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ دنیا کی اقوام کو لوٹنے اور اپنی کالونی بنانے کا زمانہ گذر چکا ہے اور امریکہ کی جانب سے انجام پانے والی سازشیں اور مجرمانہ اقدامات اسکی نجات کا سبب نہیں بنیں گے۔ صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جیسے سابقہ امریکی صدر جرج بش نے انتہائی ذلت کے ساتھ سیاست کے میدان کو ترک کیا ہے اس سے کہیں زیادہ ذلت کے ساتھ اوباما اقتدار کو چھوڑیں گے کیونکہ انہوں نے ان پالیسیوں میں اصلاح کا نعرہ لگایا تھا۔
جدید استکباری ٹولہ وہی ماضی کا سرمایہ دار اور غلام پرور گروہ ہے:
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے موجودہ استعماری قوتوں کو ماضی کے سرمایہ دار اور غلام پرور گروہ کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ یہ قوتیں اپنے ناجائز مفادات
کے حصول کیلئے دنیا بھر میں سازشوں کا جال بچھا رکھا ہے۔
صدر احمدی نژاد نے کہا کہ سابقہ امریکی حکومت نے سرمایہ داروں اور سرمایہ دارانہ نظام کی نجات کیلئے نائن الیون کے ڈرامے کا بہانہ بناتے ہوئے ہمارے خطے میں لشکرکشی کر دی اور یہاں قتل و غارت کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے دو تاریخی ممالک اور عظیم اقوام کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا۔ ان استعماری قوتوں نے اس خطے میں اپنے تمام قسم کے اسلحہ کے تجربات انجام دیئے جنکے باعث عراق اور افغانستان میں ایسے ہولناک جرائم انجام پائے جنکے سامنے تاریخ کے تمام مجرموں کے جرائم معمولی ہیں۔
صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ دنیا کو بہت جلد معلوم ہو گیا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں کا اصلی مقصد دنیا کی اقوام اور انسانوں کو اپنے مفادات کی سمت میں تبدیل کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے تبدیلی کے نعرے کا مقصد عالمی سطح پر انسانی بیداری کی تحریکوں کا رخ اپنے مفادات کی سمت میں موڑنا ہے، تبدیلی کا نعرہ دھوکے اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔

خبر کا کوڈ : 63300
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش