0
Friday 19 May 2017 12:24

مدارس رجسٹریشن کا ترمیمی ایکٹ مسترد

مدارس رجسٹریشن کا ترمیمی ایکٹ مسترد
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس نے صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا میں مدارس رجسٹریشن کے متعلق ترمیمی ایکٹ کو یکسر طور پر مسترد کر دیا۔ اس حوالہ سے وفاق المدارس کے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد نے نئی ترمیم کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کوئی دینی مدارس کو لاوارث نہ سمجھے، وفاق المدارس مدارس کے خلاف ہر قسم کی سازشوں کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ دنیا کی کوئی بھی طاقت مدارس کی آزادی کو سلب نہیں کرسکتی۔ کے پی کے حکومت طے شدہ معاملات کو نہ چھیڑے، مدارس 30 لاکھ طلباء و طالبات کو مفت تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔ رجسٹریشن کے نام پر مدارس کو تنگ کرنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیئے، ہم حکومت کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مدارس فوبیا سے باہر نکلے، وفاق المدارس ہر وقت رجسٹریشن کے لئے تیار ہے، تاہم یک طرفہ طور پر مسلط شدہ قانون کو کسی بھی صورت میں قبول کرنے کے لئے تیار نہیں۔

حکومت وفاق المدارس کے ساتھ مل کر رجسٹریشن کا معاملہ آسانی کے ساتھ حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدارس چلانے والے ملازمین، طلبہ و طالبات اور مدارس سے تعاون کرنے والے افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ خوف اور دہشت پھیلا کر عوام الناس کو مدارس کی کمیٹی کا ممبر بننے سے روکا جا رہا ہے، جبکہ مدارس آئین پاکستان کے رو سے اس ملک میں دینی تعلیم دینے کا حق رکھتے ہیں، ملکی قوانین کا احترام کرتے ہوئے قانون کے اندر رہتے ہوئے کام کرتے ہیں، اس لئے مدارس ہر ایسے قانون کو مسترد کرنے کا حق رکھتے ہیں، جو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ ایکٹ کے خلاف آئندہ ہفتے اتحاد تنظیمات مدارس کا اجلاس بلایا گیا ہے، جس میں آئندہ کا لائحہ کا عمل طے کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 638246
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش